بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کوئٹہ سٹی و صوبہ کے دیگر شہروں میں ناقص و مضر صحت خوردنی اشیاء کے تدارک کیلئے مراکز کی انسپیکشن جاری

منگل 25 جنوری 2022 00:18

کوئٹہ/نصیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2022ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ سٹی و صوبہ کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ناقص و مضر صحت خوردنی اشیاء کے تدارک کیلئے مراکز کی انسپیکشن جاری ہے۔ کوئٹہ شہر کے نواحی علاقوں و کچلاک بازار میں حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 7 گوست کی دکانوں اور 1 بیکنگ یونٹ کو سربمہر جبکہ 17 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے۔

بی ایف اے حکام کے مطابق کچلاک میں 7 میٹ شاپس کو ایس او پیز کی خلاف و دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے پر جبکہ امارات ہوٹل اور پاکستان ہوٹل کو صفائی کے ناقص انتظامات غیر معیاری فوڈ کلرز و استعمال شدہ کوکنگ آئل کے استعمال سمیت مختلف وجوہات پر جرمانہ کیا گیا، مسجد روڈ و ملحقہ علاقے میں قائم متفرق کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کے دوران معروف کوالٹی سوئیٹس کے بیکنگ کے خلاف مٹھائیوں میں مکھیوں اور اسٹوریج ایریا میں حشرات کی موجودگی و ناقص صفائی، ڈولفن بیکرز کے خلاف زائد المعیاد خوردنی اشیاء کی برآمدگی و بیکنگ یونٹ میں گندگی جبکہ پیپلز بیکری کے خلاف مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی، بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے داؤد شاپنگ سینٹر، ہارون شاپنگ سینٹر اور الصفاء شاپنگ سینٹر کی مرکزی کینٹینز کو بھی مختلف وجوہات پکوان میں چائنیز نمک و استعمال شدہ کوکنگ آئل کے دوبارہ استعمال، ایکسپائرڈ کولڈرنکس و باسی اسٹور شدہ پھل برآمد ہونے پر جرمانہ کیا، جرمانہ کیے گئے دیگر مراکز میں الباسط بار بی کیو اور ہاٹ اینڈ سپائسی فوڈ پوائنٹ شامل تھے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں میکانگی روڈ اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں مراکز کی چیکنگ پر پروڈکشن ایریا میں انتہائی گندگی و اشیاء کی تیاری میں مضر صحت اجزاء و پابندی عائد خورنی تیل کے استعمال پر سیل کیا گیا، علاقوں میں موجود 4 میٹ شاپس و 3 بیکنگ یونٹس کے خلاف گزشتہ ہدایات و ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی۔ مزید برآں ضلع نصیر آباد کی تحصیل منجھو شوری میں بی ایف اے زونل ٹیم نے 1 جنرل اسٹور سے ممنوعہ اجینو موتو برآمد کرتے ہوئے دکان پر جرمانہ عائد کر دیا۔ اس دوران مختلف کھانے پینے کے مراکز کو صفائی و اسٹوریج کے ناکافی انتظامات پر اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئی