لاہور ؛ 55 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ بچھو گینگ کا سرغنہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ میں مارا گیا

ہلاک ڈاکو راہ زنی اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا ، جس نے 2017ء میں نشتر کے علاقے میں دوران مزاحمت پر کانسٹیبل محمد اعظم کو بھی شہید کیا ۔ پولیس

Sajid Ali ساجد علی منگل 25 جنوری 2022 13:09

لاہور ؛ 55 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ بچھو گینگ کا سرغنہ اپنے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2022ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 55 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ بچھو گینگ کا سرغنہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ میں مارا گیا ۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا نے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے برکی کے علاقے میں واردات کی ، ان ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے کینٹ ڈویژن میں ناکہ بندی کی گئی اور پیٹرولنگ کو الرٹ کیا گیا ، ڈیفنس سی کے علاقے میں پہنچنے پر پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کر دی ۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ سے ان کا اپنا ہی ایک ساتھی ہلاک ہو گیا ، ہلاک ڈاکو راہ زنی اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا ، جس نے 2017ء میں نشتر کے علاقے میں دوران مزاحمت پر کانسٹیبل محمد اعظم کو بھی شہید کیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرکے بچھو گینگ کے سرغنہ کی لاش تحویل میں لے لی ، جب کہ فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب سیکیورٹی گارڈ اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی ، یہ واقعہ کراچی میں شاہ لطیف کے علاقے نیشنل ہائی وے منزل پٹرول پمپ پاکستان میڈیکل اسٹور کے قریب پیش آیا جہاں فائرنگ سے 4 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی جسے فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی ، پولیس بھی اطلاع ملنے پر طوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمی شخص کو حراست میں لے لیا ۔

معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میڈیکل اسٹور اینڈ مارٹ کے قریب موٹرسائیکل سوار 3 ڈاکو مارٹ سے لوٹ مار کرکے فرار ہو رہے تھے کہ سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا ، زخمی ڈاکوؤں اور سیکیورٹی گارڈ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں راہ گیر بچی سر میں گولی لگنے سے زخمی ہوئی تھی۔