روزگار کی فراہمی اور کاروباری شعبے کی ترقی کے لیے ایس ایم ایز کوآسان قرضوں کی فراہمی اولین ترجیح ، شہریوں کو ذاتی گھروں کے لیے بھی قرضےفراہم کئے جارہے ہیں،ایم ڈی سٹیٹ بینک

منگل 25 جنوری 2022 16:32

روزگار کی فراہمی اور کاروباری شعبے کی ترقی کے لیے ایس ایم ایز کوآسان ..
ملتان(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جنوری 2022ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر اشرف خان نے کہاہے کہ روزگار کی فراہمی اور کاروباری شعبے کی ترقی کے لیے نہ صرف ایس ایم ایز کوآسان شرائط اور کم مارک اپ پرقرضوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے بلکہ شہریوں کو ان کے ذاتی گھروں کے لیے بھی آسان شرائط پر قرضہ جات فراہم کئے جارہے ہیں۔ منگل کے روزایوان صنعت و تجارت  ملتان میں دوروزہ ایس ایم ای میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے  کہاکہ کسی بھی شہری کا بنیادی حق ہے کہ اس کاذاتی گھرہو،اس امر کویقینی بنانے کےلئے حکومت پاکستان نے میرا گھرمیرا پاکستان سکیم لانچ کی ہے جس میں نہ صرف پرائیویٹ بینک بلکہ ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن بھی شہریوں کو آسان اقساط پرقرضہ جات کی فراہمی کا کام کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 220ملین نفوس پرمشتمل ہے جس   کے لیے  10ملین گھروں کی ضرورت ہے جبکہ ہرسال سات لاکھ نئے گھروں کی ڈیمانڈ بھی آرہی ہے ،شہریوں کی اس بنیادی ضرورت کوپورا کرنے کے لیے سٹیٹ بینک دیگربینکوں کے ساتھ مل کر ہائوس فنانسنگ کا کام کررہاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال قبل  میرا گھر میراپاکستان سکیم کااعلان ہوا،عوامی شکایات اور تجاویز ملنے پر سٹیٹ بینک نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے درخواستوں کے مرحلے کوآسان اور سادہ جبکہ بعض شرائط کوبھی نرم کردیا ہے جس سے اب شہریوں کی بڑی تعداد اپنے ذاتی گھروں کے لیے قرضے حاصل کررہی ہے۔

  ایم ڈی نے کہاکہ ایوان صنعت و تجارت ملتان نے ہماری سکیموں سے استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف دو روزہ ایس ایم ای میلہ منعقد کیا بلکہ ان سکیموں کی آگاہی میں بھی حکومت اورسٹیٹ بینک کی مدد کی ،اس سے پہلے عام لوگ بینکوں سے قرضہ لینے میں ہچکچاہٹ کاشکارتھے اب لوگوں کارجحان بھی بڑھ گیا ہے اوربینکوں کا رویہ بھی بہتر ہوگیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ایس ایم ایز سیکٹر کے لیے آسان قرضہ سکیم میں حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کے رسک کو کم کرنے اور بینکوں کوقرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کےلئے 60فیصد تک حکومتی مدد فراہم کی جائے گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت میرا گھر میرا پاکستان سکیم کے قرضے صرف پانچ سے سات فیصد مارک اپ پر فراہم کررہی ہے، اب تک 30ارب روپے سے زائد کے قرضہ جات دیے جاچکے ہیں جبکہ ایک سو ارب کے قرضوں کی منظوری دی جاچکی ہے ،ہم بینکوں کے عملے  کے ساتھ ساتھ اس سکیم کوبھی ماہانہ بینادوں پر مانیٹر کررہے ہیں۔ایوان  صنعت و تجارت  ملتان کے صدرخواجہ محمد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے لگائے ایس ایم ایز میلہ کو بہت پذیرائی ملی ہے ،تاجروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے میلے میں آ کر معلومات لینے کے ساتھ ساتھ قرضوں  کے لیے درخواستیں بھی جمع کرائی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ آئندہ ماہ ایوان میں ایک اور آگاہی سیمینارمنعقد کیاجائے جس میں حکومت کی ان سکیموں کے بارے میں مزید آگاہی فراہم کی جائے گی ۔

اس موقع ایوان  صنعت وتجارت  ڈی جی خان کے صدر خواجہ شفیق پتافی،خانیوال  چیمبرکے صدرطیب ساجد،چیمبرآف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدرشیخ فیصل ،چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے صدر ظفر اقبال صدیقی ،مینگو گروورز ایسوسی ایشن کے صدر زاہد گردیزی  اورکریانہ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے صدر میاں آفاق انصاری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاءمیں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :