اسلام آباد ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی

اے ایس ایف نے دوحہ جانے والی خاتون مسافر کے قبضے سے 79 ہزار 480 امریکی ڈالر برآمد کرلیے‘ جو اس نے اپنے بیگ کے اندر کپڑوں میں مہارت سے چھپا رکھے تھے

Sajid Ali ساجد علی منگل 25 جنوری 2022 17:15

اسلام آباد ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2022ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے اسلام آباد کے فضائی اڈے پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خاتون مسافر کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر بھای مقدار میں امریکی کرنسی برآمد کرلی ، اے ایس ایف کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون مسافر کے قبضے سے 79 ہزار 480 امریکی ڈالر برآمد کیے ، جو اس نے اپنے بیگ کے اندر کپڑوں میں مہارت سے چھپا رکھے تھے ، ملزمہ کو فوری طور پر حراست میں لے کر مزید کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں اسلام آباد سے سعودی عرب جانے والے مسافر سے 6 کلو ہیروئن پکڑی گئی ، اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ، جہاں سعودی عرب جانے والے مسافر سے 6 کلو 330 گرام آئس ہیروئن برآمد ہوئی ، مالاکنڈ کا رہائشی میر سجاد پی آئی اے کی پرواز پی کے 9245 پر دمام جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچا تو اس دوران اسکریننگ میں مسافر کے بیگ کی تہہ میں موجود آئس ہیروئین کی نشاندہی ہوئی ، جس کو ملزم نے انتہائی مہارت کے ساتھ اپنے بیگ میں چھپایا ہوا تھا ، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے مزید قانونی کارروائی کے لیے ملزمان کو منشیات سمیت اے این ایف کے حوالے کردیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور کے قریب واقع کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے مقام پر کار سے 164 کلوگرام سے زائد منشیات پکڑی گئی تھی ، خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، ملزمان پشاور سے پنجاب منشیات اسمگل کرتے تھے تاہم انسداد منشیات فورس ( اے این ایف ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالا شاہ کاکو ٹول پلازا پر ایک مشکوک گاڑی کی تلاشی لی تو اس دوران کار سے 120 پیکٹ چرس اور 17 پیکٹ افیون برآمد ہوئی ، ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی چرس کا وزن 144 کلو اور افیون کا ساڑھے 20 کلو گرام کے قریب ہے ، کار سوار خاتون مقدس الیاس عرف بلو اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث بین الصوبائی گروہ کے 2 کارندوں قیصر اور گلزار کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔