ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ میں مالی کرپشن شامل نہیں ہے، فواد چودھری

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ابھی پوری شائع نہیں ہوئی، رپورٹ میں پاکستان کا سکور رول آف لاء کے باعث نیچے گیا، کرمینل جسٹس ریفارمز سے رول آف لاء میں بہتری آئے گی۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 جنوری 2022 17:17

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ میں مالی کرپشن شامل نہیں ہے، فواد چودھری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جنوری 2022ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہےکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ میں مالی کرپشن شامل نہیں ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ابھی پوری شائع نہیں ہوئی، رپورٹ میں پاکستان کا سکور رول آف لاء کے باعث نیچے گیا، کرمینل جسٹس ریفارمز سے رول آف لاء میں بہتری آئے گی۔ آج منگل کو وزیراطلاعات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ہم نے پاکستان میں اسمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی متعارف کروائی، کورونا سے متعلق پاکستان کی پالیسی کامیاب رہی، کابینہ کو کورونا کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین بہت ضروری ہے، جنہوں نے ویکسین لگوائی ان پر بہت کم اثرات مرتب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کیلئے 5 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے، جن لوگوں نے ویکسین کرائی تھیں وہ نئی لہر سے متاثر نہیں ہوئے، کابینہ نے 5 ارب روپے مردم شماری کے لئے منظوری دے دی، دسمبر میں مردم شماری مکمل ہوگی جنوری میں حلقہ بندیاں ہوں گی، 2023 کا الیکشن نئی حلقہ بندیوں پر ہوگا۔

(جاری ہے)

  فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ نے کرمینل لاء ترامیم کی منظوری دی ہے، ترمیم کے تحت ہر کریمینل کیس کا فیصلہ 9 ماہ میں کرنالازمی ہو گا، فیصلے میں زائد وقت لگا تو مجسٹریٹ یا جج وجوہات بیان کریگا کہ التواء کیوں ہوا، اگرمتعلقہ جج مناسب وجوہات بیان نا کرسکا تو کارروائی ہوگی۔

فواد چودھری نے کہا کہ ایس ایچ او کی تعلیمی قابلیت کم ازکم بی اے لازمی ہو گی، پراسیکیوشن کے دائرہ اختیار کو بھی بڑھایا جا رہا ہے، ہر کرمینل کیس کا فیصلہ 9 مہینے میں کرنا ہوگا، 9 ماہ میں فیصلہ نہ کرنے پر جج چیف جسٹس کو وجہ لکھ کر دے گا۔ پلی بارگین کرمینل مقدمات میں شامل کررہے ہیں، پولیس کو ضمانت کی پاوردی جارہی ہے، چیک کے مقدمات میں ضمانت ہوسکے گی، چالان پیش کرنے کی مدت 14 دن سے بڑھا کر45 دن کرنے کی تجویز دی ہے، ماڈرن ڈیوائسز کو شواہد کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے، کرپشن سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر بھی گفتگو ہوئی، فنانشل کرپشن میں اضافہ نہیں ہوا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ابھی پوری شائع نہیں ہوئی، رپورٹ میں مالی کرپشن شامل نہیں ہے، پاکستان کا سکور رول آف لاء کے باعث نیچے گیا، پاکستان میں رول آف لاء پر کام کرنے کی ضرورت ہے، کرمینل جسٹس ریفارمز سے رول آف لاء میں بہتری آئے گی، ہائی پروفائل اور اہم مقدمات کی سماعت براہ راست دکھائی جانی چاہیے، شہباز شریف کا کیس براہ راست نشر کیا جائے، آصف زرداری کا اومنی کیس بھی براہ راست دکھایا جائے۔