پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بورڈ نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے ٹرانزکشن سٹرکچر کی منظوری دیدی

43 کلومیٹر کے ڈوئل ٹریک کو 3 سال میں تعمیر کیا جائے گا، یومیہ ساڑھے 4 لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی

muhammad ali محمد علی منگل 25 جنوری 2022 22:47

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بورڈ نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جنوری2022ء) پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بورڈ نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے ٹرانزکشن سٹرکچر کی منظوری دیدی، 43 کلومیٹر کے ڈوئل ٹریک کو 3 سال میں تعمیر کیا جائے گا، یومیہ ساڑھے 4 لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے اور مہنگے ماس ٹرانزٹ منصوبے کے آغاز کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بورڈ نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے ٹرانزکشن سٹرکچر کی منظوری دے دی ہے۔ منگل کے روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، وائس چیئرمین پی تھری اے بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پلاننگ نے شرکت کی ،سیکرٹری ریلوے، ممبر پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ، اوردیگر اعلی حکام بھی اجلاس کے شرکاء میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

بورڈ نے کراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ سے متعلق پہلوئوں کے اہم اعدادوشمار اور اجزاء کا جائزہ لیا۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور منصوبے کی کامیابی کے امکانات بڑھانے کے لئے نجی شعبے کو کم از کم ریونیو گارنٹی دی جائے گی، کرائے اور دیگر ذرائع سے آمدن کے لئے سرکلر ریل اسٹیشنوں پر کمرشل امور شروع کرنے کا حق بھی دیا جائے گا۔

منصوبے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 43 کلومیٹر طویل ڈوئل ٹریک اربن ریل ماس ٹرانزٹ سسٹم کی 3 سال میں تعمیر مکمل ہو گی، منصوبے سے یومیہ ساڑھے 4 لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ اس منصوبے میں الیکٹرک ٹرینوں کا استعمال ہو گاجو ہفتے میں 7 دن اور دن میں 17 گھنٹے کام کریں گی، شہر کے گنجان آباد علاقوں میں 30 اسٹیشنوں کی تعمیر کی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ منصوبے کا مقصد کراچی کے میٹروپولیٹن سٹی کو قابل اعتماد، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔ منصوبے کے حوالے سے کچھ عرصہ قبل وزارت ریلوے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ کل 3 مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں 43 کلومیٹر طویل ٹریک کی تعمیر ہو گی، جس میں تقریباً 15 کلومیٹر کا ٹریک زمینی ہو گا، جبکہ 28 کلومیٹر سے زائد کا ٹریک ایلیویٹڈ ہو گا۔