Live Updates

عمران خان پاکستانیوں کیلئے خطرناک نہیں بلکہ مہلک ترین ثابت ہوئے ، شہباز شریف

عمران نیازی نے کرپشن میں 10 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ‘غیرملکی ادارے کی رپورٹ نظام بیٹھ جانے کا اعلان ہے‘ عمران نیازی کو اب بھی ملک یا اس کے نام کی نہیں بلکہ اپنے جھوٹے امیج کوبچانے کی فکر پڑی ہوئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 26 جنوری 2022 12:11

عمران خان پاکستانیوں کیلئے خطرناک نہیں بلکہ مہلک ترین ثابت ہوئے ، شہباز ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2022ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستانیوں کیلئے خطرناک نہیں بلکہ مہلک ترین ثابت ہوئے ، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ثبوت ہے کہ عمران نیازی کے نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی اور عمران نیازی نے کرپشن میں 10 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کرپشن میں انہیں پیچھے چھوڑ گئے جن کے خلاف سیاست میں آنے کا دعویٰ کیا تھا، وہ پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے خطرناک نہیں بلکہ مہلک ترین ثابت ہوئے ، وہ اس سے زیادہ اور کیا خطرناک ہوں گے کہ 16 درجے کرپشن بڑھ گئی، معیشت تباہ، مہنگائی اور بے روزگاری آسمان پر پہنچ چکی ہے، عمران نیازی کو اب بھی ملک یا اس کے نام کی نہیں، اپنے جھوٹے امیج کوبچانے کی فکر پڑی ہوئی ہے، ان کی سوچ پر افسوس ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر غور کرنا ہوگا کہ ایک نااہل ، نالائق اور کرپٹ شخص ملک و قوم کے لئے کتنا خطرناک ثابت ہوتا ہے ، غیرملکی ادارے کی یہ رپورٹ نظام بیٹھ جانے کا اعلان ہے، اور ثبوت ہے کہ عمران نیازی کے نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی ، رپورٹ ہمیں قومی سطح پر اصلاح احوال کی دعوت فکر دے رہی ہے ، اسے چھپانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو جھٹلانے کی بجائے گریباں میں جھانکنا اور خود احتسابی درکار ہے ، ہمیں ان عوامل ، محرکات اور مضمرات پر غور کرنا چاہئے جس سے یہ رپورٹ مرتب ہوئی ہے ، مجموعی طور پر پاکستان کرپشن انڈیکس میں 23 پوائنٹس گرا ہے جس سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو شدید نقصان پہنچے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات