Live Updates

ووٹ کا حق دینے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کاسمندر پار پاکستانیوں کے ملکی سیاست میں بھرپور خیرمقدم کا فیصلہ

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے عظیم الشان اجتماع کے انعقاد کی منظوری ،وزیراعظم عمران خان خصوصی خطاب کریں گے

بدھ 26 جنوری 2022 13:15

ووٹ کا حق دینے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کاسمندر پار پاکستانیوں کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) ووٹ کا حق دینے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے سمندر پار پاکستانیوں کے ملکی سیاست میں بھرپور خیرمقدم کا فیصلہ کیا ہے ۔ بدھ کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے عظیم الشان اجتماع کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی ،وزیراعظم و چیئرمین عمران خان خصوصی خطاب کریں گے ۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری اوورسیز انٹرنیشنل چیپٹرز ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر سے خصوصی ملاقات کی جس میں سمندر پار پاکستانیوں کے فقیدالمثال سہ روزہ اجتماع کے انعقاد کے حوالے سے اہم امور پر بریفنگ دی گئی ،سمندر پار پاکستانیوں کا تین روزہ اجتماع 13 تا 16 مارچ اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں قائم پاکستان تحریک انصاف کی شاخوں کے منتخب ذمہ داران اور کارکنان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ،یورپ، امریکہ اور وسط ایشیاء سمیت دنیا کے دیگر حصوں سے مندوبین مدعو کئے جائیں گے ،ملکی و غیر ملکی میڈیا کو بھی سمندر پار پاکستانیوں کے اس تاریخی اجتماع میں شرکت کی دعوت دے جائے گی ۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ سمندر پار پاکستانی ہمارا بیش قیمت اثاثہ ہیں، سمندر پار پاکستانی روز اوّل سے عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔ اسد عمر نے کہاکہ دیارغیر میں وطن عزیز کا نام روشن کرنے کے ساتھ ملکی تعمیر و ترقی میں سمندرپارپاکستانیوں کا کردار بے مثال ہے۔اسد عمر نے کہاکہ تحریک انصاف ملکی سیاست میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو نہایت تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے، سمندر پار پاکستانیوں کا یہ اجتماع ملکی سیاسی تاریخ کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ دنیا بھر سے اپنے بھائیوں کو مدعو کریں گے اور وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات