کشمیری اپنی جدوجہد کو حصول آزادی تک جاری رکھیں گے‘حافظ طارق محمود

بدھ 26 جنوری 2022 14:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) ممبر اوورسیز کوآرڈینیشن پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر وچئیرمین علماء ومشائخ ونگ آزادکشمیر حافظ طارق محمود نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم سیاہ اس عزم کے ساتھ منارہے ہیں کہ کشمیری اپنی جدوجہد کو حصول آزادی تک جاری رکھیں گے۔

5اگست 2019کے بعد وادی کشمیرمیں مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو ہے۔ بھارتی حکومت نے شہریوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ کشمیری نہ پہلے جھکے ہیں اور نہ اب دنیا کی کوئی طاقت ان کے جذبے کو زیر کر سکتی ہے۔ بھارتی فوج کی ظلم وبربریت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کسی صورت کمزور نہیں کر سکتی۔کشمیری قوم حصول آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے 26جنوری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ منانے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے جبروتشدد کا ایسا کوئی ہتھکنڈا نہیں چھوڑا جو مظلوم کشمیری عوام پر نہ آزمایا ہو لیکن کشمیری عوام جرات وپامردگی اور حوصلے کے ساتھ اپنے موقف پرقائم ہیں۔انہوں نے اپنے نصب العین کو نہیں چھوڑا اور کسی بھی صورت اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن آزا د کشمیر،پاکستان او ردنیا بھر میں مقیم کشمیری دنیا پر یہ واضح کردیں گے کہ بھارت کشمیریوں کے بنیادی حق،حق خودارادیت کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔آج تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں کشمیر مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔