ایم کیو ایم کے رہنما سندھی ٹوپی سے متعلق اپنے بیان کو واپس لیں ،اسماعیل راہو

وسیم اختر کے بیان سے امن کی دھرتی پررہنے والوں کو تکلیف پہنچی ہے، ایم کیو ایم رہنما سندھ کے عوام سے معافی مانگیں،وزیر جامعات سندھ

بدھ 26 جنوری 2022 16:55

ایم کیو ایم کے رہنما سندھی ٹوپی سے متعلق اپنے بیان کو واپس لیں ،اسماعیل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو نے ایم کیو ایم رہنماو ں سے سندھی ٹوپی کے متعلق دیاگیابیان واپس لینے کامطالبہ کردیا۔وسیم اختر کے بیان پر اپنے ردعمل میں اسماعیل راہونے کہا کہ وسیم اختر کے بیان سے امن کی دھرتی پررہنے والوں کو تکلیف پہنچی ہے، ایم کیو ایم رہنما سندھ کے عوام سے معافی مانگیں۔

وسیم اختر اور خالد مقبول صدیقی اپنے بانی کی طرح نفرتوں کے بیج نہ بوئیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اردو بولنے والے ہمارے بھائی ہیں ان سے اپیل ہے کہ فساد پھیلانے والوں کو پہچانیں۔لسانی نفرت پر سیاست کرنے والوں کو کراچی کے عوام رد کرچکے ہیں۔کراچی میں پاکستان کی تمام زبانیں بولنے والے رہتے ہیں، لسانی بنیادوں پر شہر کی تقسیم خطرناک ہوگی۔

(جاری ہے)

نفرت اور تشدد کی سیاست کی وجہ سے ایم کیو ایم پاکستان محدود ہو چکی ہے۔انہوںنے کہا کہ کسی کے باپ میں بھی طاقت نہیں ہے جو ٹول پلازہ پر کسی سندھی کی ٹوپی اتار سکے۔نفیس لوگ چاہتے ہیں کہ شہر کا امن ایک مرتبہ پھر تباہ ہو۔عوام جانتے ہیں کہ کس نے لسانیت کے نام پر بھائیوں کوتقسیم کیا اور لڑوایا. وزیرجامعات نے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے ایوب، یحییٰ ، ضیاء الحق اور مشرف کی آمریتوں میں بدترین ریاستی جبر جھیلا، سندھ کی ثقافت امن کی علامت ہے اس سے نفرت کرنے والے کبھی اچھے لوگ نہیں ہو سکتے۔زبانیں اور ثقافت محبت کرنے کے لیے ہوتی ہیں نفرت کے لیے نہیں۔کسی بھی زبان اور ثقافت سے نفرت انسانیت سے نفرت ہے، جو بد بخت لوگ ہی کر سکتے ہیں۔