پی ایس ایل 7، پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کی جگہ نیا کوچ مقرر کردیا

سابق برطانوی وکٹ کیپر بلے باز جیمز فوسٹر پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ مقرر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 جنوری 2022 16:46

پی ایس ایل 7، پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کی جگہ نیا کوچ مقرر کردیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2022ء ) پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کا میلہ جمعرات سے کراچی سٹیڈیم میں سجنے جارہا ہے اور پشاور زلمی کی ٹیم اپنے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کی خدمات سے محروم ہو گئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز ڈیرن سیمی پہلے مرحلے میں اپنی مصروفیات کے باعث پی ایس ایل 7 کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

ڈیرن سیمی کی جگہ انگلینڈ کے سابق وکٹ کیپر بلے باز جیمز فوسٹر کو پشاور زلمی کا نیا ہیڈکوچ مقرر کیا گیا ہے، 7 ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے جیمز فوسٹر گزشتہ روز کراچی پہنچ چکے ہیں۔

پی ایس ایل 7 کے لیے ہاشم آملہ پشاور زلمی کے بیٹنگ کوچ ہوں گے، جب کہ ٹیم ڈائریکٹر اور باؤلنگ کوچ کے فرائض محمد اکرم سر انجام دیں گے۔ واضح رہے کہ ڈیرن سیمی 6 برس سے پشاور زلمی کے ساتھ بطور کھلاڑی، کپتان اور کوچ ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں، تاہم اب ذاتی مصروفیات کی وجہ سے انھوں نے پشاور زلمی کا حصہ بننے سے معذرت کر لی ہے۔