پاسبان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ وڈیرہ شاہی کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے،اقبا ل ہاشمی

بدھ 26 جنوری 2022 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکریٹری جنرل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاسبان کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈہ وڈیرہ شاہی اور پاسبان کی مقبولیت سے پریشان دشمن عناصر کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ پاسبان کراچی سمیت ملک بھر کے مظلوم عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔ سوشل میڈیا پر پاسبان کو قومیت کی بنیاد پر کام کرنے والی ایک خاص جماعت سے منسلک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو کہ گھناؤنی سازش ہے۔

ہماری جڑیں عوام میں ہیں اور عوام ایسی سازشوں کو بخوبی سمجھتے ہیں۔وہ لوگ جو سمجھتے ہیں کہ ان حرکتوں سے عوام گمراہ ہو جائیں گے وہ خود گمراہ اور شکست خوردہ عناصر ہیں۔ پاسبان مظلوموں کے ساتھ بغیر رنگ و نسل یا مذہبی امتیاز کے تیس سال کے طویل عرصے سے ڈٹ کر کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔

(جاری ہے)

پاسبان نے مشکل ترین حالات میں بھی عافیہ صدیقی، ویرو کوہلی، ام رباب، تانیہ خاصخیلی، شیریں جوکھیو اور اس طرح کے کئی مظلوموں کا ساتھ دیا ہے۔

چاہے وہ کراچی کے شہری لٹیروں کے ہاتھوں ظلم کا شکار ہوں یا دیہی وڈیروں کے ہاتھوں جان لٹانے والے مظلوم ۔ پاسبان نے اس وقت بھی گھٹنے نہیں ٹیکے جب پورے شہر کراچی میں غنڈہ گردی اور دہشت گردی کا راج تھا اور لاشیں اٹھائی جاتی تھیں۔ کل بھی پاسبان نے ظالم کو آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارا تھا اور آج بھی پاسبان ان کے خلاف نبرد آزما ہے۔

وہ آدمجی نگر کاٹھیا واڑ سوسائٹی میں پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں گفتگو کررہے تھے۔ اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ پاسبان کا منشور مظلوموں کی حمایت اور ملک سے ظلم کے نظام کا خاتمہ ہے ۔ پاسبان کو بدنام کرنے کی سازش میں شہروں کی لٹیرا شاہی اور دیہاتوں کی وڈیرہ شاہی کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی،انہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔ پاسبان کی سندھ کے مظلوموں میں بڑھتی ہوئی مقبولیت، اثرات اور حمایت سے ظالم وڈیرے پریشان ہیں۔

ظلم کے خلاف جنگ میں ہر محاذ پر پاسبان کی لیڈر شپ ڈٹ کر کھڑی ہے ۔ تمام تر تفرقات سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ بلاول زرداری اپنے گریبان میں جھانکیں کہ وہ مظلوم لڑکیوں کو قتل کرنے والے وڈیروں کی پشت پناہی کیوں کر رہے ہیں کراچی کو ایک اور نئی آگ میں نہ جھونکا جائے ۔کراچی کو چارٹرڈ سٹی کا آئینی درجہ دیا جائے ۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور کی قیادت میں رنگ و نسل اور قومیت کی تفریق کے بغیر ہر مظلوم کو انصاف دلانے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔ ہمیں کسی مذہبی یا قومیت کے لئے کام کرنے والی جماعت کے ساتھ بریکٹ نہ کیا جائے۔ اقبال ہاشمی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاسبان کی ایک پرانی ویڈیو پر ڈبنگ کر کے منافرانہ تاثر دینے کی کوشش کو ناکام بنا ئیں گے۔