رینجرز کلب میں جاری چھ روزہ کراچی اوپن بیڈمنٹن چیمپین شپ فار وومن اختتام پذیر

اختتامی تقریب میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری کی خصوصی شرکت

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 26 جنوری 2022 17:59

رینجرز کلب میں جاری چھ روزہ کراچی اوپن بیڈمنٹن چیمپین شپ فار وومن اختتام ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2022ء) پاکستان رینجرز(سندھ) اور سندھ بیڈمنٹن ایسو سی ایشن کے زیرِ اہتمام نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے ”کراچی اوپن بیڈمنٹن چیمپئن شپ فار وومن “ کا انعقاد پاکستان رینجرز آفیسر کلب نارتھ ناظم آباد میں کیا گیا۔ بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے مقابلے 18سے 25جنوری 2022 تک جاری رہے جس میں کراچی بھر کی یونیورسٹیرز ،کالجرز، اسکولز اور اوپن کیٹیگریز میں 150سے زائد لیڈیز کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔

فائنل میچز مورخہ 25 جنوری 2022کو کھیلے گئے جس میں یونیورسٹیز کیٹگری میں کراچی یونیورسٹی کی ماہین ،کالجر کیٹگری میں رینجرز پبلک اسکول اینڈ کالج ٹول پلازہ کی عائشہ فیاض،اسکولز کیٹگری میں قائد اعظم رینجرز پبلک اسکول ناظم آباد کی بشریٰ فیاض اور اُوپن کیٹگری میں عمارہ اشتیاق نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل افتخار حسن چوہدری و بیگم نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اچھی کارکردگی دکھانے والی لیڈیز کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

تقریب میں بزنس مین، کرکٹرز،مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم سول اور سیاسی شخصیات ،پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ افسران اور بڑی تعداد میں شرکاءنے شرکت کی۔شرکاءاور کھلاڑیوں کی جانب سے خواتین کو کھیلوں میں مواقع فراہم کرنے کے لئے رینجرز کے کردار کو سراہا گیا۔