Live Updates

وزیراعظم کی سول قانون میں اصلاحات پرتمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت

1908 کے بعد پہلی بار سول قانون میں تبدیلی لا رہے ہیں، پرانے قوانین میں اصلاحاتی تبدیلی کا پہلے کسی حکومت نے نہیں سوچا، فوری اور سستے انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 26 جنوری 2022 18:09

وزیراعظم کی سول قانون میں اصلاحات پرتمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری 2022ء) وزیراعظم عمران خان نے سول قانون میں اصلاحات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت 1908 کے بعد پہلی بار سول قانون میں تبدیلی لا رہی ہے، پرانے قوانین میں اصلاحاتی تبدیلی کا پہلے کسی حکومت نے نہیں سوچا، فوری اور سستے انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح  ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سول قانون میں اصلاحات پراجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو3 سالہ دورحکومت میں نافذ کی گئی اصلاحات اور آئندہ کے لائحہ پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، شاہ محمود قریشی ، فواد چودھری دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے سول قانون میں اصلاحات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں تک فوری اورسستے انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح  ہے، انصاف کی فوری اور یقینی فراہمی کا براہ راست تعلق گورننس کی بہتری سے ہے، حکومت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قانون کی بالادستی کیلئے اصلاحات لے کر آئی، موجودہ دورِ حکومت میں عدلیہ آزاد ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پرانے قوانین میں اصلاحاتی تبدیلی کے حوالے سے کسی حکومت نے نہیں سوچا، 1908 کے بعد پہلی دفعہ حکومت سول قانون میں تبدیلی لیکر آرہی ہے۔

مزید برآں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہنا ہے کہ ہم منظم مافیا کا سامنا کر رہے ہیں، عالمی بینک پاکستان کی 5.37 فیصد ترقی کی تصدیق کر رہا ہے، کورونا  وائرس کی وبا سے نمٹنے کی حکومتی پالیسیوں کی عالمی سطح پر تعریف ہو رہی ہے تو ایسے وقت میں ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی بے سروپا رپورٹ آتی ہے جس کا سر ہے نہ پیر اور ایک پریس ریلیز پر ہیڈ لائنیں لگ جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرینسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کہتی ہے کہ پاکستان میں رول آف لاء میں تنزلی ہوئی لیکن کسی کو نہیں پتا وہ یہ کیوں کہہ رہے ہیں؟ رپورٹ میں مالیاتی کرپشن کا تذکرہ بھی نہیں لیکن پریس ریلیز میں ایسے قصے جوڑے گئے کہ  کرپٹ اپوزیشن کی بھی جرات ہوئی کہ حکومت پر تنقید کرے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور فضل الرحمان عمران خان کی حکومت کو کرپٹ کہیں، اسے آسمان پر تھوکنا کہتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات