نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور انہی سے امیدیں وابستہ ہیں،مرتضیٰ وہاب

قیام پاکستان سے لے کر آج تک نوجوانوں نے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی

بدھ 26 جنوری 2022 18:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور انہی سے امیدیں وابستہ ہیں، وطن عزیز میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے، قیام پاکستان سے لے کر آج تک نوجوانوں نے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، مجھے یقین ہے کہ ہمارے نوجوان اسی جوش و جذبے کے ساتھ اپنے شہر ، صوبے اورملک کا نام روشن کریں گے، یہ بات انہوں نے اقراء یونیورسٹی کے 19 ویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سندھ کی جامعات اور بورڈز کے صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو، قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضیاء القیوم، چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نجیب ہارون او ردیگر بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آج کا دن ہر طالب علم کے لئے یادگار دن ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنی زندگی کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہیں، اپنی عملی زندگی میں آپ سب محبت، لگن اور سچائی سے کام کرینگے تو ہر قدم پر آپ کو کامیابی ملے گی اور آپ کسی بھی شعبہ میں جاکر اپنی صلاحیت کا بہتر اور بھر پور استعمال کر سکتے ہیں، انہو ںنے تمام گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقرا یونیورسٹی اور اس کی انتظامیہ نے بہت اچھا تعلیمی سفر طے کیا اور ہزاروں کی تعداد میں گریجویٹس آج مختلف شعبوں میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کامیاب طلبا و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور بہترین کارکردگی دکھانے والے طالب علموں کی صلاحیتوں کو سراہا، انہو ںنے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے ہمیں بھر پور اور توانا افرادی قوت کی ضرورت ہے، خصوصاً سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہمارے نوجوانوں نے جو کار ہائے نمایاں انجا م دیئے ہیں، ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، سندھ حکومت نوجوان طالب علموں کی ہر قدم پر حوصلہ افزائی اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ہر ممکن مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، مجھے یقین ہے کہ آج یہاں سے فارغ التحصیل ہو نے والے نوجوان، طلبا و طالبات اپنے شہر اور ملک کی بہترین انداز میں خدمت کا حق ادا کریں گے، کانووکیشن کے دوسرے سیشن میں اقراء یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے 650 گریجویٹس طالب علموں میں اسنا دتقسیم کی گئیں جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 9 طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا، دو روزہ کانووکیشن کے دوران 650 فارغ التحصیل طلبا نے اپنے والدین کے ہمراہ شرکت کی، کانووکیشن سے ڈاکٹر محمد علی شاہ اور صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اقراء یونیورسٹی دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی تعلیم فراہم کرنے میں بہت اچھا اور اہم کردار ادا کررہی ہے ، یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات اس شہر کا قیمتی سرمایہ ہیں جن سے مستقبل میں بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔