پاکستانی شائقین کرکٹ کی سن لی گئی، معاملات طے پا گئے

پی سی بی کا ثقلین مشتاق کو ہی قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ تعینات کرنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی بدھ 26 جنوری 2022 20:32

پاکستانی شائقین کرکٹ کی سن لی گئی، معاملات طے پا گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2022ء ) پاکستانی شائقین کرکٹ کی سن لی گئی، معاملات طے پا گئے، پی سی بی کا ثقلین مشتاق کو ہی قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ تعینات کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تعیناتی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی اور ثقلین مشتاق کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔

پی سی بی نے ثقلین مشتاق کو ہی قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا، سابق کرکٹر کو اپنی مرضی کا اسپورٹ اسٹاف رکھنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری آف سپنر ثقلین مشتاق نے پی سی بی کے ساتھ مزید کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ثقلین مشتاق نے گزشتہ برس بھی استعفیٰ دیا تھا، تاہم بعد میں پھر ان کو عبوری کوچ مقرر کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ پی سی بی ثقلین مشتاق کو ہائی پرفارمنس کوچ مقرر کرنے کا خواہش مند تھا مگر ان کے پی سی بی کے ساتھ مالی معاملات طے نہ ہو سکے تھے۔ ثقلین مشتاق نے ٹی 20 ورلڈکپ، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سیریز میں عبوری کوچ کے فرائض سرانجام دیئے تھے، جہاں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پی سی بی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل مصباح الحق اور وقار یونس کے اچانک استعفیٰ کے بعد ثقلین کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء اور بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر تعینات کیا تھا۔

پاکستان کے آل فارمیٹ کے کپتان بابراعظم، کھلاڑی اور پی سی بی کی انتظامیہ ثقلین مشتاق کے کام کی اخلاقیات اور پلیئر مینجمنٹ سے مطمئن تھی۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کرکٹ بورڈ نے انہیں مستقل عہدے کی پیشکش کی جسے انہوں نے مبینہ طور پر پیشگی وعدوں اور کاروباری سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ٹھکرا دیا تھا۔