دہلی کے تاجر کی چوری ڈیجیٹل کرنسی حماس کو منتقل ہوئی،بھارتی پولیس کا دعوی

کرپٹو کرنسی دہلی کے تاجر کے ڈیجیٹل اکائونٹس کو ہیک کر کے چرائی گئی،ڈپٹی پولیس کمشنرسائبر سیل

بدھ 26 جنوری 2022 20:40

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) بھارتی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ انھوں نے ایک ایسے سائبر جرائم پیشہ گروہ کا پتہ لگایا ہے جس نے بھارت سے کروڑوں روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی چرا کر اسے فلسطینی تنظیم حماس کی ذیلی شاخ کے اکائونٹس میں منتقل کیا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق سائبر سیل کے ڈپٹی پولیس کمشنر کے پی ایس ملہوترا نے بتایا کہ کرپٹو کرنسی دہلی کے تاجر کے ڈیجیٹل اکائونٹس کو ہیک کر کے چرائی گئی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی پولیس کمشنر کے پی ایس ملہوترا نے بتایا کہ چوری کی گئی کرپٹو کرنسی مختلف ہاتھوں سے ہوتی ہوئی مشتبہ والٹ میں پہنچی۔ ہمیں پتہ چلا کہ وہ اکائونٹ جس کا تعلق فلسطینی تنظیم حماس سے ہے، اسے اسرائیل کے انسداد دہشتگردی کے ادارے نے سیل کر دیا ہے۔انہوںنے بتایا کہ القاسم بریگیڈ کے جس اکائونٹ کو اسرائیلی ادارے نے سیل کر رکھا ہے وہ محمد نصیر ابراہیم عبداللہ کے نام پر رجسٹر ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ باقی کرنسی مصر کے جیزہ اور فلسطین کے رام اللہ علاقے سے رجسٹر اکائونٹس میں منتقل کی گئی ۔چوری کی گئی کرنسی کا ایک بڑا حصہ جیزہ کے اکائونٹس میں منتقل کیا گیا جو احمد مرزوق کے نام سے رجسٹر ہے جب کہ دوسرا اکائونٹ رام اللہ کے احمد صافی کے نام پر رجسٹر ہے۔