عالمی تبلیغی جماعت کا صوبائی سالانہ 3 روزہ اجتماع آج بعد نماز عصر شروع ہو گا اور اتوار کو صبح تک جاری رہے گا

مجموعی طور پر 10 سے زائد مقامات پر وضو خانے بنائے گئے ہیں جن میں ایک وضو خانے پر بیک وقت 5000 سے زائد افراد وضو کر سکتے ہیں

بدھ 26 جنوری 2022 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) عالمی تبلیغی جماعت کا منگھو پیر میں کراچی کے اجتماع کا باقائدہ آغاز آج(جمعرات)نماز عصرسے ہوگا ، لیکن لوگوں کی آمد کا سلسلہ بدھ سے ہوگیا ۔رات گئے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا بیک وقت 5 ہزار سے زائد افراد کے وضو کرنے کے لئے 20 سے 30 مقامات پر وضو خانے بنائے گئے ہیں 40 ہزار سے زائد رضا کار سیکورٹی انجام دے رہے ہیں ۔

گزشتہ برسوں کے مقابلے میں شرکا کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔عالمی تبلیغی جماعت کا صوبائی سالانہ 3 روزہ اجتماع آج( جمعرات)بعد نماز عصر شروع ہو گا اور اتوار کو صبح تک جاری رہے گا ۔ 120 ایکٹر سے زائد رقبے پر مشتمل اجتماع گاہ منگھو پیر یوسی 4 مائی گاڑی سے شروع ہو کر اورنگی ٹائون گلشن بہار تک پھیلی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

جس میں شرکا تک بیانات کی آواز پہنچانے لے لئے ہزاروں لائوڈ اسپیکر لگائے گئے ہیں جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں اسٹینڈ بائی جنریٹر بھی رکھا گیا ہے ۔

اجتماع گاہ میں شرکا کی رہنمائی کے لئے بڑے بڑے نقشے آویزاں کئے گئے ہیں جس کے ذریعے کوئی بھی شخص بآسانی اپنے حلقے تک پہنچ سکتا ہے ۔جبکہ اس کے علاوہ اجتماع گاہ کا اندونی نظام سنبھالنے کے لئے تبلیغی جماعت سے وابستہ 40 ہزار رضاکاروں کی جانب سے 3 شفٹوں میں ڈیوٹیاں انجام دینے کی تیاری کی گئی ہے ۔اجتماع گاہ میں ایک ہزار سے زائد ٹینٹ لگائے گئے ہیں جن کے ساتھ نمبرز اور علاقائی ناموں کی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے کوئی بھی شخص اپنے علاقے کے حلقے میں جا سکتا ہے ۔

اجتماع گاہ کے اطراف میں دھول مٹی سے بچائو کی وجہ سے مخصوص قسم کا گھاس ارزاں نرخوں پر دستیاب ہے جس کو بچھانے کی وجہ سے دھول مٹی سے بچا جا سکتا ہے ۔اجتماع گاہ کے اطرافی حصوں میں کنویں بھی موجود ہیں جن کو ہر سال اجتماع سے قبل دوبارہ بورنگ کی جاتی ہے جس کی وجہ سے پانی کی قلت پر قابو پایا جاتا ہے جبکہ اطراف میں موجود ہائیڈرنٹس سے بھی پانی کے ٹینکرز منگوائے جاتے ہیں ۔

اجتماع گاہ میں واٹر بورڈ اور ڈی ایم سیز کی سیوریج کی گاڑیاں بھی سیوریج کی نکاسی کے لئے گاڑیاں بھی سروسز فراہم کررہی ہیں ۔ اجتماع گاہ کے احاطے میں 40 ہزار گیلن پانی زخیرہ کیا گیا ہے ۔اجتماع گاہ کے اطراف 15 مرکزی گیٹ ہیں جن میں 12 فنکشنل ہیں مرکزی گیٹوں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔جس کے بعد گیٹوں کے حساب سے بیت الخلا بھی قائم کئے گئے ہیں جن کی تعداد 15 کے لگ بھگ ہے جبکہ مجموعی طور پر 10 سے زائد مقامات پر وضو خانے بنائے گئے ہیں جن میں ایک وضو خانے پر بیک وقت 5000 سے زائد افراد وضو کر سکتے ہیں ۔

اجتماع گاہ میں منتظمین کمیٹی کی جانب سے تین شفٹوں میں ڈیو ٹیاں سر انجام دی جاتی ہیں ۔صوبے بھر سے آنے والے قافلوں کی رہنمائی کے لئے منگھو پیر بنارس اورنگی کے مکینوں کی جانب سے خدمات سر انجام دی جاتی رہی ہیں ۔جمعرات کو عصر کے بعد سے شروع ہونے والے اجتماع میں کوئٹہ رائیونڈ مرکز سمیت دیگر مبلغین بیانات کریں گے ہر روز بعد نماز عشا بزگوں کی جانب سے اگلے روز بیانات کا فیصلہ مشاورت میں کیا جائے گا ۔

اجتماع کے دوران پولیس کی جانب سے 3 شفٹوں میں ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جن کو 100 کے قریب موبائل گاڑیاں اور 7 بکتر بند گاڑیاں دی گئی ہیں جو اجتماع گاہ کے مختلف گیٹوں پر موجود ہیں حب کہ اس کے علاوہ رینجرز کی بھی بھاری نفری تعینات ہے ۔پولیس کی جانب سے اجتماع گا کے مرکزی گیٹ کے قریب ہی عارضی کیمپ کو ہی تھانہ کی حیثیت دی گئی ہے ۔جس میں ایک فائر بریگیڈ اسنار کل 2 ایمبولینس گاریاں میڈیکل کیمپ لفٹر گاڑیاں کرینیں ہیلر برائے انائوسمنٹ سمیت دیگر ضروری انتظامات کئے گئے ہیں ۔