امریکا، اسپتال نے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر مریض کے آپریشن سے انکار کردیا

ہارٹ ٹرانسپلانٹ کروانے والے مریضوں کے لیے کورونا ویکسین انتہائی ضروری ہے،اسپتال انتظامیہ کا موقف

جمعرات 27 جنوری 2022 12:50

امریکا، اسپتال نے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر مریض کے آپریشن سے انکار ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) امریکا میں اسپتال انتظامیہ نے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر ایک مریض کے دل کی پیوندکاری (ٹرانسپلانٹ)کرنے سے انکار کردیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی شہر بوسٹن کے بریگھم اینڈ ویمنز اسپتال نے 31 سالہ مریض فرگوسن کی دل کی پیوند کاری کرنے سے جزوی انکار کردیا کیونکہ اس نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی ہوئی تھی۔

فرگوسن کے والد کے مطابق ان کے بیٹے کے دل کو پیوند کاری کی ضرورت ہے تاہم اسپتال انتظامیہ نے کورونا ویکسین نہ لگنے کی وجہ سے پیوندکاری کرنے سے انکار کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ کا موقف ہے کہ وہ اپنی پالیسی کے خلاف ورزی نہیں کرسکتے۔ دوسری جانب بریگھم اینڈ ویمنز اسپتال نے ایک بیان میں کہا کہ دستیاب اعضا کی کمی کو دیکھتے ہوئے ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ جس مریض کو ٹرانسپلانٹ شدہ اعضا ملتا ہے، اس کے زندہ رہنے کا سب سے زیادہ امکان ہو۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ کروانے والے مریضوں کے لیے کورونا ویکسین انتہائی ضروری ہے تاکہ کامیاب آپریشن کا بہترین امکان پیدا کیا جا سکے اور ٹرانسپلانٹیشن کے بعد مریض کے مدافعتی نظام کی بدولت صحت کو و بہتر بنایا جا سکے۔ ڈاکٹرز کے مطابق کسی بھی عضو کی پیوند کاری کے بعد مریض کا مدافعتی نظام مکمل طور پر بند ہو جاتا ہے اور یہاں تک کہ عام زکام بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹرز کاکہنا تھا کہ اعضا نایاب ہوتے ہیں، ہم انہیں کسی ایسے شخص میں نہیں لگاسکتے جس کے زندہ رہنے کے امکانات کم ہوں جبکہ دوسرے جن کو ویکسین لگائی گئی ہے ان کے پاس سرجری کے بعد زندہ رہنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق مریض نے کورونا ویکسین اس لیے نہیں لگوائی تھی اسے تشویش تھی کہ اس سے دل کی سوزش میں اضافہ ہوگا جو جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :