کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کی مارکیٹنگ پر ڈراپ ان پچز کو ترجیح دے رہا ہے : کامران اکمل

مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ نے اپنے ویژن کو صرف ہوٹل پر لاگو کیا اور باہر سڑکوں پر کچھ نہیں کیا: وکٹ کیپر بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 جنوری 2022 15:09

کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کی مارکیٹنگ پر ڈراپ ان پچز کو ترجیح دے رہا ہے : کامران ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جنوری 2022ء ) وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے پی ایس ایل کی مارکیٹنگ کے بجائے ڈراپ ان پچز پر زیادہ توجہ دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین پر تنقید کی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ رمیز راجہ شائقین کو سہولیات دینے کے لیے بات کرنے کے بارے میں سنجیدہ تھے اور ہم سب نے پریس کانفرنسوں میں بھی دیکھا، لیکن میرے خیال میں مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ نے اپنے ویژن کو صرف ہوٹل پر لاگو کیا اور باہر سڑکوں پر کچھ نہیں کیا، ہوسکتا ہے کہ وہ صرف ڈراپ ان پچز کے بارے میں سوچ رہے ہوں اور پی ایس ایل کی مارکیٹنگ پر زیادہ توجہ نہیں دے رہے ہیں۔

کامران اکمل نے نشاندہی کی کہ جب پی ایس ایل کی مارکیٹنگ کی بات آتی ہے تو بورڈ کو اخراجات میں کمی نہیں کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جب پی ایس ایل کی مارکیٹنگ کی بات آتی ہے تو پی سی بی کو اخراجات میں کمی نہیں کرنی چاہئے کیونکہ یہ پوری دنیا کے شائقین کو مشغول کرتا ہے اور برانڈ کو فروغ دیتا ہے، دنیا میں ہر لیگ کو بہت زیادہ پروموٹ کیا جاتا ہے اور یہاں بھی ایسا ہی ہونا چاہیے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے بھی پی ایس ایل کی مارکیٹنگ پر کامران اکمل کے خیالات سے اتفاق کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب میں ہوائی اڈے سے سٹیڈیم آرہا تھا تو میں نے بہت سی چیزیں مسنگ دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جب لوگوں کو سٹیڈیم میں آنے کی ترغیب دینے کی بات آتی ہے تو مارکیٹنگ بنیادی نکات میں سے ایک ہے۔