این سی او سی کا تعلیمی شعبے کیلئے پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں طلبا مختلف ایام میں اسکول آئیں گے،12 سال سے کم عمر والے بچوں کی حاضری نصف ہو گی،ذرائع این سی او سی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 27 جنوری 2022 16:13

این سی او سی کا تعلیمی شعبے کیلئے پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2022ء) این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تعلیمی شعبوں کے لیے پابندیاں فروری کے وسط تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں طلباء مختلف ایام میں اسکول آئیں گے۔12 سال سے کم عمر والے بچوں کی حاضری نصف ہو گی،12 سال سے کم عمر طلباء 3 دن 50فیصد باقی 3 دن 50 فیصد طلباء اسکول آئیں گے۔

۔تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا۔10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں 12سے زائد عمر طلباء کے سکول کھلے رہیں گے۔12 سال سے زائد عمر کے مکمل ویکسینیٹڈ طلباء کو اسکول آنے کی اجازت ہو گی۔ یکم فروری سے 12 سال سے زائد عمر کے طلباء کی ویکسینیشن لازم ہو گی۔

(جاری ہے)

ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔

یہاں واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کیلئے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی اہل 52 فیصد آبادی کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔این سی او سی کے مطابق پاکستان میں ویکسین کے اہل افردا کی تعداد 15 کروڑ 36 لاکھ ہے، جن میں سے 8 کروڑ 30 لاکھ افراد کی مکمل جبکہ 2 کروڑ 35 لاکھ افراد کی جزوی ویکسینیشن ہو چکی۔

پنجاب میں ویکسین کے اہل افراد کی تعداد 8 کروڑ 11 لاکھ ہے، وہاں 59 فیصد آبادی کو مکمل ویکسین لگ چکی۔ سندھ میں ویکسین کے اہل افراد کی تعداد 3 کروڑ 48 لاکھ ہے، یہاں 43 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی۔خیبر پختون خوا میں ویکسین کے اہل افراد کی تعداد 2 کروڑ 41 لاکھ ہے، جہاں 46 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہو گئی۔بلوچستان میں ویکسین کے اہل افراد کی تعداد 78 لاکھ 5 ہزار ہے، جہاں 45 فیصد آبادی کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ویکسین کے اہل افراد کی تعداد 15 لاکھ 90 ہزار ہے،جہاں 79 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔این سی او سی نے بتایا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی47، 47 فیصد ویکسین کی اہل آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔