سائٹ ایریا کراچی میں لوٹ مار کے بڑھتے واقعات، صنعتکار،ورکرز غیر محفوظ تصور کرنے لگے

بینکوں سے کیش نکلوانے والوں کو لوٹنے، گاڑیاں، موٹرسائیکل چھیننے کے واقعات معمول بن گئے،عبدالرشید کراچی پولیس چیف صنعتکاروں، ورکرز کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنائیں، صدر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری

جمعرات 27 جنوری 2022 17:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرشید نے کراچی کے سب سے بڑے صنعتی ایریا سائٹ میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف سے درخواست کی ہے کہ سائٹ ایریا کے صنعتکاروں، ورکرز کی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے تاکہ جرائم پیشہ افراد کو لگام دی جاسکے۔

ایک بیان میں عبدالرشید نے کہاکہ سائٹ ایریا میں لوٹ مار کی وارداتیں معمول بنتی جارہی ہیں خاص طور پر چھینا چھپٹی، گاڑیاں، موٹرسائیکل چھیننے باالخصوص بینکوں سے تنخواہ والے ورکرز سے لوٹ مارکے واقعات میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جارہاہے جس سے سائٹ ایریا میں آنے والے تاجر خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کراچی پولیس چیف کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ جرائم پیشہ افراد اب اس حد تک نڈر ہوگئے ہیں کہ وہ فیکٹریوں میں دن دہاڑے بلاخوف وخطر مال لوٹ کرکے باآسانی فرار ہوجاتے ہیں جبکہ جرائم کے بڑھتے واقعات کے بارے میں بار بار نشاندہی کے باوجود سائٹ ایریا کو جرائم سے پاک نہیں بنایا جاسکا۔

انہوں نے مزید کہاکہ جب صنعتی ایریا میں امن وامان کی صورتحال ہی بہتر نہیں ہوگی تو پیداواری سرگرمیاں کس طرح بلارکاوٹ جاری رکھی جاسکیں کیونکہ جرائم پیشہ افراد کی بڑھتی سرگرمیوں کی وجہ سے غیر ملکی خریدار اور مقامی تاجر یہاں آنے سے کتراتے ہیں لہٰذا سائٹ ایریا کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور پولیس کا گشت بڑھانے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ سائٹ ایریا کے صنعتکاروں اور ورکرز کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے اور صنعتکار بلاخوف خطر اپنی فیکٹریاںچلاسکیں جس کے یقینی طور پر ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :