کوآپریٹوز کو زراعت اور لائیوسٹاک کی طرف منتقل کریں گے‘بشارت راجہ

گزشتہ سال 26 ہزار 897 کسانوں کو 1536 ملین کے قرضے جاری کئے گئے‘ وزیر امداد باہمی

جمعرات 27 جنوری 2022 17:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) صوبائی وزیر کوآپریٹو محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ کوآپریٹوز کے شعبہ کو زراعت اور لائیوسٹاک کی طرف منتقل کیا جائے گا۔ دنیا میں کوآپریٹوز کا فوکس زراعت اور لائیوسٹاک ہے تاہم پاکستان میں امداد باہمی کو صرف ہاسنگ تک محدود سمجھا جاتا ہے۔ محکمہ امداد باہمی کی تنظیم نو سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزیراعلی سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر گزشتہ سال محکمہ کوآپریٹو نے صوبے کے 26 ہزار 897 کسانوں کو 1536 ملین کے قرضے جاری کئے جبکہ ادا شدہ زرعی قرضوں میں سے 1517 ملین روپے کی کامیاب وصولی بھی کی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب نے ری سٹرکچرنگ کے جاری پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پنجاب میں کاشتکاروں کو زرعی مشینری اور آلات کی فراہمی کیلئے 21 فارم سروس سنٹر قائم کئے گئے۔ محکمے کی سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کیلئے حکومت نے کوآپریٹو ایکٹ میں بہتری کیلئے 24 ترامیم کیں۔

مختصر عرصے کے دوران محکمہ امداد باہمی کی ملکیت 57 ارب مالیت کی 36 جائیدادیں واگزار کرائی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک سال کے دوران 14.37 ارب کے کلیمز ادا کرنا اہم کامیابی ہے۔ وزیر کوآپریٹو نے مزید کہا کہ محکمہ کوآپریٹو 232 ہاسنگ سوسائٹیز کی جیو ٹیگنگ بھی کر چکا ہے اور محکمہ امداد باہمی کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔