آخری پی ایس ایل میں اپنا سب کچھ دینے کے لیے پرعزم ہوں: شاہد آفریدی

بدقسمتی سے میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم مجھ میں کوئی علامات نہیں، انشاء اللہ جلد صحتیابی کی امید ہے: سابق کپتان کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 جنوری 2022 17:25

آخری پی ایس ایل میں اپنا سب کچھ دینے کے لیے پرعزم ہوں: شاہد آفریدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جنوری 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے آخری پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں ۔ پی ایس ایل7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے ۔ شاہد آفریدی پی سی بی پروٹوکول کے بعد گھرپرقرنطینہ کریں گے۔ شاہد آفریدی 7 دن قرنطینہ اورمنفی ٹیسٹ آنے پردوبارہ سکواڈ میں شامل ہوجائیں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’’ بدقسمتی سے میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے تاہم مجھ میں کوئی علامات نہیں ہیں۔ انشاء اللہ جلد صحت یاب ہونے کی امید ہے، ٹیسٹ منفی آجائے گا اور جلد از جلد دوبارہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل ہو جائوں گا ، پی ایس ایل 7 میں تمام ٹیموں کے لیے گڈ لک ،میں اپنے آخری پی ایس ایل ایڈیشن میں اپنا سب کچھ دینے کے لیے پرعزم ہوں‘‘۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بائیو سیکیور ببل توڑنے والے شاہد خان آفریدی گزشتہ روز دوبارہ ہوٹل پہنچ گئے تھے۔ شاہد آفریدی کو منگل کی شب نیشنل سٹیڈیم میں دوران پریکٹس کمر میں تکلیف محسوس ہوٸی تھی اوروہ بائیو سیکیورببل توڑ کر ہسپتال گئے تھے تاہم تکلیف میں افاقے کے بعد دوبارہ ہوٹل پہنچ گئے تھے۔ بدھ کو شاہد آفریدی کی سالی کا بھی انتقال ہوگیا تھا تاہم انہوں نے مرحومہ کی آخری رسومات میں شرکت نہ کرنے فیصلہ کرتے ہوئے وسیع تر قومی مفاد میں لیگ کا حصہ بنے رہنے کو ترجیح دی تھی۔ کورونا کا شکار ہونے کے بعد شاہدآفریدی کی ابتدائی میچز میں شرکت ناممکن ہوگئی ہے۔