Live Updates

پی ایس ایل کے افتتاحی میچ کے آغاز سے قبل کراچی کنگز کیلئے بڑا دھچکا

3 تگڑے کھلاڑی میچ سے باہر، محمد عامر، سابق کپتان عماد وسیم اور آل رائونڈر جورڈن تھامپسن پہلے میچ میں شرکت سے محروم ہو گئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 27 جنوری 2022 19:32

پی ایس ایل کے افتتاحی میچ کے آغاز سے قبل کراچی کنگز کیلئے بڑا دھچکا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جنوری 2022ء ) پی ایس ایل کے افتتاحی میچ کے آغاز سے قبل کراچی کنگز کیلئے بڑا دھچکا، 3 تگڑے کھلاڑی میچ سے باہر۔ تفصیلات کے مطابق افتتاحی میچ سے قبل کراچی کنگز کی ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچا، ٹیم کو افتتاحی میچ میں 3 تگڑے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ ہوم ٹیم کراچی کنگز کے فاسٹ بولر محمد عامر پہلے میچ میں شرکت نہیں کر رہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے فاسٹ بولر محمد عامر انجری کا شکار ہیں جس کے باعث ان کی پہلے میچ میں شرکت کے امکانات ختم ہو گئے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد عامر نے پریکٹس میچ میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔ جبکہ آل رائونڈ عماد وسیم اور برطانوی آل رائونڈر جورڈن تھامپسن قرنطینہ میں ہونے کے باعث آج کے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے پی ایس ایل 7 کے افتتاحی میچ کا ٹاس جیت لیا۔

ملتان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیتنے کے بعد کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون کا بھی اعلان کر دیا گیا۔


اس سے قبل شہر قائد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ سحر انگیز افتتاحی تقریب کے انعقاد سے پاکستان سپر لیگ 7 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں پاکستان کرکٹ کے درخشاں ماضی کی یاد تازہ کی گئی۔

بڑی اسکرین پر قومی ٹیم کے شاندار سفر کو نشر کیا گیا، چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے ویڈیو میں پاکستان کرکٹ کی تاریخ بیان کی۔ دستاویزی فلم میں ابتدا سے اب تک عظیم کھلاڑیوں اور سپر اسٹارز کی شاندار کارکردگی کو اجاگر کیا گیا۔ دستاویزی فلم کے بعد پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، پیراگلائیڈرز نے 5ہزار فٹ کی بلندی سے ڈائیو لگائی اور اسٹیڈیم میں اترے تو اسٹیڈیم تماشائیون کی تالیوں سے گونج اٹھا۔ افتتاحی تقریب کے بعد گلوکاروں نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔ جبکہ افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی نشر کیا گیا، آتشبازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات