Live Updates

پاکستان سپر لیگ 7 کا آغاز ، وزیراعظم عمران خان نے پی ایس ایل کے باقاعدہ آغاز کا اعلان ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا

جمعرات 27 جنوری 2022 23:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہوگیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعرات کو ہونے والی رنگارنگ تقریب میں نامور ستاروں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے پرفارم کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی میزبانی میں منعقدہ تقریب میں قومی ترانہ کی دھن کے بعد ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)تک پاکستان کرکٹ کے تاریخی سفر کے بارے میں اسٹیڈیم میں نصب دو بڑی اسکرینز پر ڈاکومینٹری دکھائی گئی جس کے بیک گرائونڈ میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین اور سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیزراجہ کی آواز میں کمنٹری شامل تھی۔

عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کا گانہ گایا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پی ایس ایل کے باقاعدہ آغاز کا اعلان ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔ویڈیو میں وزیراعظم کے ہمراہ چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ بھی موجود تھے۔ جس کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں آتش بازی کا خوبصورت اور دلکش مظاہرہ کیا گیا جس سے فضا میں کئی اقسام کی رنگین روشنیاں نمودار ہوئیں اور اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ بہت محظوظ ہوئے۔اس موقع پر اسٹیڈیم کی تمام لائٹس بند کردی گئی تھیں جس سے منظر اور بھی زیادہ مسحورکن ہوگیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات