{پاکستان سپر لیگ میچز ، کراچی ٹریفک پولیس کا ٹریفک پلان جاری

جمعرات 27 جنوری 2022 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2022ء) پاکستان سپر لیگ میچز کے حوالے سے کراچی ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سپر لیگ میچز دیکھنے والی عوام کیلئے پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے نیشنل کوچنگ سینٹر میں میڈیا کیلئے پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کار ساز سے آنے والی عوام سرشاہ سلیمان روڈ پر قائم پارکنگ میں گاڑیاں پارک کریں ملینیم سے آنے والے حضرات اسٹیڈیم روڈ فلائی اوور کے نیچے سے سرشاہ سلیمان روڈ پر مقررہ مقام پر گاڑیاں پارک کریں۔

نیو ٹاون سے آنے والے افراد آغا خان اسپتال کے بعد بائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر اپنی گاڑی پارک کریں گے غربی اور سینٹرل کے رہائشی حسن اسکوائر سے دائیں جانب یونیورسٹی روڈ پر مقرر کردہ مقام پر گاڑیاں پارک کریں نیو کراچی فیڈرل بی ایریا اور گلشن کے رہائشی براستہ نیپا درج بالا مقام پر گاڑی پارک کریں گے۔ گاڑی پارک کرنے کے بعد بس شٹل سروس سے شہری گراونڈ کے قریب آسکتے ہیں۔ جبکہ ملیر کورنگی کے شہری نیپا اور ملینیم سے پارکنگ اور بس شٹل سروس استمعال کرسکتے ہیں