پی ایس ایل 7: رضوان کی اپنی ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ خوش اخلاقی سوشل میڈیا پر مقبول

وکٹ کیپر کیپٹن نے شرجیل خان سے چھکا کھانے پر مایوس ٹم ڈیوڈ کو پیچھے سے آکر گلے لگالیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 جنوری 2022 12:02

پی ایس ایل 7: رضوان کی اپنی ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ خوش اخلاقی سوشل میڈیا ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جنوری 2022ء ) پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے پہلے میچ میں جہاں محمد رضوان کی بیٹنگ نے شائقین کرکٹ کے دل جیتے تو وہیں ان کا اپنی ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ خوش اخلاقی بھی سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی۔ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر محمد رضوان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جوکہ گزشتہ روز ہونے والے ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے میچ کی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملتان سلطانز کے باؤلر ٹم ڈیوڈ کراچی کے بلے باز شرجیل کو گیند کرواتے ہیں جس پر وہ چھکا مارتے ہیں۔ ڈیوڈ جہاں شرجیل سے چھکا کھانے پر مایوس نظر آرہے ہوتے ہیں تو وہیں ان کا حوصلہ بُلند کرنے کے لیے محمد رضوان اُن کو پیچھے سے آکر گلے سے لگا لیتے ہیں۔
محمد رضوان کا یہ انداز سوشل میڈیا پر بےحد مقبول ہورہا ہے، شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ محمد رضوان ایک عظیم کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ شاندار انسان بھی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے افتتاحی میچ میں رضوان کی ملتان سلطانز نے بابر کی کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا۔ سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے رواں سیزن کی پہلی نصف سنچری سکور کی۔ رضوان 52 جبکہ ٹم ڈیوڈ 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ صہیب مقصود 30 اور شان مسعود 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔