شراب کے نشے میں دھت موٹروے پر گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کی شامت آگئی

موٹروے پولیس نے شراب کے نشے میں دھت ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ‘ موٹروے پولیس کو چیکنگ کیلئے جدید آلات مل گئے‘ ڈرائیوروں کو بریتھ اینالائزر کی مدد سے چیک کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 28 جنوری 2022 12:31

شراب کے نشے میں دھت موٹروے پر گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کی شامت آگئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری 2022ء ) شراب کے نشے میں دھت موٹروے پر گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کی شامت آگئی کیوں کہ موٹروے پولیس نے شراب کے نشے میں دھت ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے آئی جی موٹروے پولیس انعام غنی کی طرف سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا ، جس میں انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر شراب نوشی کے زیر اثر ڈرائیورز کو چیک کیا جائے گا کیوں کہ شراب نوشی کے زیر اثر ڈرائیونگ جان لیوا حادثات کی اہم وجہ ہے ، اس لیے موٹر وے پولیس کو شراب کو چیک کرنے والے بریتھ اینالائزر آلے فراہم کیے جا رہے ہیں ، جس کے بعد موٹر وے پولیس ڈرائیورز کو بریتھ اینالائزر کی مدد سے چیک کرے گی ، اس کے علاوہ موٹروے پولیس محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی اور شراب نوشی کے زیر اثر ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

 
علاوہ ازیں موٹروے اینڈ ہائی وے پولیس کی جانب سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک نظام کو بہتر انداز میں چلانے اور حادثات روکنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کے تحت موٹروے پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث ڈرائیورز پر عائد جرمانوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ، آئندہ سے موٹروے اور دیگر قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ہونے پر موٹر سائیکل سواروں پر 1500 روپے، کار ڈرائیور پر 2500 روپے، ایچ ٹی وی کیلئے 5 ہزار روپے اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کیلئے 10 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔

موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پر ہلکی گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ اور بھاری گاڑیوں کے لئے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے ، اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر جائز حد سے زائد مسافروں کو سوار کروانے پر بھی پابندی عائد ہے ، جائز حد سے زیادہ مسافروں کو لے جانے والی پبلک ٹرانسپورڑ کی گاڑیوں پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا ، موٹر ویز یا شاہراہوں پر بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف ہر صورت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید یہ کہ آئندہ سے بنا لائسنس کے کسی بھی قومی شاہراہ پر ڈرائیونگ کرنے والے افراد کیخلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا ، بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں، کاروں اور ایل ٹی وی ڈرائیوروں پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا ، جب کہ ایچ ٹی وی اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ڈرائیوروں پر بنا لائسنس ڈرائیونگ کرنے پر 10ہزار روپے جرمانہ عائد ہو گا ، اس لیے شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ قومی شاہراہوں پر ڈرائیونگ کرتے وقت تمام ٹریفک قوانین کا احترام کرتے ہوئے ان پر ہر صورت عمل کریں۔