Live Updates

عدم اعتماد کا خواب دیکھنے والے اس ایوان میں بھی ناکام جہاں ان کی اکثریت ہے ، فواد چوہدری

حکومت نے ثابت کیا ہے کہ تمام جماعتیں مل کر بھی ایک عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں ۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 28 جنوری 2022 13:27

عدم اعتماد کا خواب دیکھنے والے اس ایوان میں بھی ناکام جہاں ان کی اکثریت ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری 2022ء ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کا خواب دیکھنے والے اس ایوان میں بھی ناکام ہوگئے جہاں ان کی نام نہاد اکثریت ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس کے دوران اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری کے بعد حکومتی موقف دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الحمد للّٰہ ایک اور دن ایک اور کامیابی مل گئی ، عدم اعتماد کا خواب دیکھنے والے اس ایوان میں بھی ناکام جہاں ان کی نام نہاد اکثریت ہے ، حکومت نے ثابت کیا ہے کہ تمام جماعتیں مل کر بھی ایک عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں ، اللہ کی مدد شامل حال رہی تو انشاللہ کامیابیوں کا سفر رکنے والا نہیں ہے۔

 
 
واضح رہے کہ حکومت نے قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کروالیا ، سینیٹ اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے تحریک پیش کی ، جہاں تحریک کے حق میں 43 اور مخالفت میں بھی 43 ہی ووٹ آئے تاہم چیئرمین صادق سنجرانی نے اپنا ووٹ تحریک کے حق میں دے دیا ، تحریک کے حق میں ووٹ 44 آنے کے بعد وزیرخزانہ شوکت ترین نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا تو بل کی شق وار منظوری کی گئی ، اس دوران اپوزیشن اراکین نے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں تاہم سینیٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کرلیا گیا ، بل کی منظوری کے بعد سینیٹ کا اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے حکومت قومی اسمبلی اجلاس کے دوران کثرت رائے سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2022 بھی منظور کروانے میں کامیاب ہوگئی تھی ، اہم بلز کی منظوری کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وزیر خزانہ شوکت ترین کو اپنی نشست پر بلا کر خصوصی شاباش دی گئی ، اس سے قبل تحریک انصاف کی حکومت قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ضمنی مالیاتی بل 2021 بھی کثرت رائے سے منظور کروانے میں کامیاب ہو ئی ، اجلاس کے دوران اپوزیشن کے کئی اراکین نے شرکت ہی نہ کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات