محمد رضوان کا مواقعوں کی عدم فراہمی پر کراچی کنگز پر گہرا طنز

3 سال تک پی ایس ایل میں سائیڈ لائن پر رہا اور ٹی ٹونٹی پلیئر نہیں مانا جاتا تھا، جب صحیح وقت آیا تو مجھے ملتان سلطانز نے منتخب کیا، کپتان بنایا اور ہم پی ایس ایل چیمپئن بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 جنوری 2022 14:39

محمد رضوان کا مواقعوں کی عدم فراہمی پر کراچی کنگز پر گہرا طنز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جنوری 2022ء )  ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے پی ایس ایل 7 کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد اپنی سابق فرنچائز پر طنز بھی کرڈالا ۔ 29 سالہ رضوان 2018ء سے 2020ء تک کراچی کنگز کا حصہ تھے لیکن انہوں نے اس دوران اپنا زیادہ تر وقت بینچ پر گزارا۔ 2020ء میں محمد رضوان فرنچائز کی طرف سے انہیں مواقع دینے کی کمی پر کافی مایوس تھے کیوں کہ وہ پاکستان کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں خود کو منوا نہیں پا رہے تھے۔

لیکن ملتان سلطانز نے انہیں گزشتہ سال سلور کیٹیگری میں منتخب کیا اور کپتان بھی مقرر کیا۔ انہوں نے سلطان کے لیے اننگز کا آغاز کیا اور 13 میچز میں 500 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل ٹائٹل بھی لے اڑے۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل 7 کے افتتاحی میچ میں جہاں سلطانز نے کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دی وہیں رضوان 47 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور 18.3 اوورز میں 125 کے مجموعی سکور کا تعاقب کیا۔

میچ کے بعد رضوان نے کنگز کی طرف ایک دلچسپ طنز کیا اور سلطانز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے فرنچائز کی قیادت سونپ کر مکمل آزادی دی۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ 3 سال تک میں وہ شخص تھا جو پی ایس ایل کے موقع پر سائیڈ لائن پر رہا اور ٹی ٹونٹی کا کھلاڑی نہیں مانا جاتا تھا لیکن جب صحیح وقت آیا تو مجھے ملتان سلطانز نے نہ صرف منتخب کیا بلکہ کپتان بھی بنایا اور ہم پی ایس ایل کے چیمپئن بن گئے۔