ِفواد چوہدری کی کیچ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

میں شہادت کا جام نوش کرنے والے دس شیر جوانوں میں شامل دو جوانوں کا تعلق جہلم سے ہے، وزیر اطلاعات

جمعہ 28 جنوری 2022 17:08

ِفواد چوہدری کی کیچ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جوانوں نے جس طرح اپنے سینے وطن عزیزکی حفاظت کے لئے سامنے رکھ دئیے پوری قوم ان کی احسان مند ہے، جن مائوں کے بیٹے ان سے جدا ہوگئے ہماری آنکھوں کے آنسو ان کے غم کو ہلکا نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بلوچستان میں شہادت کا جام نوش کرنے والے دس شیر جوانوں میں شامل دو جوانوں کا تعلق جہلم سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کے قبرستان ان شہیدوں کے لہو کی خوشبو سے مہکتے ہیں جو قرض رکھتے تھے جان پر وہ قرض ہم نے لٹا دیا۔ انہوں نے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے ولے ان دو جوانوں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔