وزیراعلیٰ سندھ کی ایم کیو ایم کے جاں بحق کارکن اسلم کے گھر آمد ،اہل خانہ سے تعزیت

سید مراد علی شاہ اورنگی میں ایم کیو ایم کے ایم پی اے صداقت کے گھر بھی گئے،واقعے کی تحقیقات کا حکم

جمعہ 28 جنوری 2022 17:19

وزیراعلیٰ سندھ کی ایم کیو ایم کے جاں بحق کارکن اسلم کے گھر آمد ،اہل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ گذشتہ شب نیو کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکن اسلم کے گھر گئے ۔ وزیراعلی سندھ نے اسلم کے ورثا سے مرحوم کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرحوم اسلم کے انتقال پر اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے اہل خانہ کے ساتھ مرحوم کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ فیملی جس طرح کی بھی انکوائری چاہتی ہے وہ کی جائے گی۔وزیراعلی سندھ کے ہمراہ صوبائی وزرا سعید غنی، سید ناصر شاہ، مرتضی وہاب، وقار مہدی اور ڈاکٹرعاصم تھے۔دریں اثناوزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اورنگی میں ایم کیو ایم کے ایم پی اے صداقت کے گھر بھی گئے ۔وزیراعلی سندھ نے ایم پی اے صداقت کی عیادت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے واقعے پر بہت افسوس ہوا ہے ۔

میں نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور اس جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ میں نے مذکورہ واقعہ کے حوالے سے آئی جی پولیس اور کمشنر کراچی کے ساتھ اجلاس بھی کیا ہے۔ایم پی اے صداقت نیوزیر اعلی سندھ کو پورے واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا۔رکن سندھ اسمبلی صداقت نے کہا کہ مجھے انصاف چاہیے۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آپ کوانصاف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کسی صورت نہیں ہونے چاہئیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ واقعے کے روز شام 6 بجے پی ایس ایل کی ٹیم کو ہوٹل سے نکلنا تھالہذا اس وقت دھرنے کا ہونا بڑا مسئلہ تھا۔ اس موقع پر ایم پی اے علی خورشیدی بھی موجود تھے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سیاسی رہنما ہونے کی حیثیت سے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان کا خیال رکھیں ۔ہم نے لسانیات یا نفرت کی سیاست کو ہر صورت ختم کرنا ہے۔