Live Updates

نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے انڈس ہسپتال میں صحت کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی‘یاسمین راشد

پروفیشنل ڈگریاں سرکاری ہسپتالوں میں بہتر اور بلا تعطل صحت کی سہولیات کویقینی بنانے کیلئے ضروری ہیں‘وزیر صحت پنجاب

جمعہ 28 جنوری 2022 19:08

نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے انڈس ہسپتال میں صحت کی تمام سہولیات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرمیں اجلاس منعقد ہوا۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے اجلاس کی سربراہی کی۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر فرخ نوید، شہزاد لغاری، نور العین ودیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت نے اجلاس کے دوران صحت کے جاری اہم منصوبوں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔

ڈاکٹریاسمین راشدکاانڈس ہسپتال کی ٹیم کے ساتھ منصوبہ کی لاگت و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے انڈس ہسپتال میں صحت کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انڈس ہسپتال کے ساتھ ہر تین ماہ بعد منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔

گزشتہ برس تمام نرسنگ سکولوں کو نرسنگ کالجزکا درجہ دے دیا گیا ہے۔ نرسنگ کالجزمیں میل کوٹہ دس سے پچاس فیصد تک جلد بڑھا دیا جائے گا۔ نرسنگ کالجز میں طلباء کو 31000روپے کا سٹائپنڈ دیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ اینستھیزیا ٹیکنالوجسٹ، لیب ٹیکنالوجسٹ اورآپریشن تھیٹر ٹیکنالوجسٹ کی تعلیم تمام کالجوں میں یقینی بنائیں۔ اس طرح کی پروفیشنل ڈگریاں سرکاری ہسپتالوں میں بہتر اور بلا تعطل صحت کی سہولیات کویقینی بنانے کیلئے ضروری ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کے خاندانوں کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔نیاپاکستان قومی صحت کارڈکیلئے پنجاب کے نجی ہسپتالوں کو تیزی کے ساتھ ام پینل کیاجارہاہے۔ پاکستان کی تاریخ میں صحت کے شعبہ میں اتنے منصوبے نہیں لائے گئے۔پنجاب کی عوام کیلئے صحت کے شعبہ میں ریکارڈترقیاتی منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات