Live Updates

راوی اربن منصوبے کو صحیح طریقے سے ہائیکورٹ میں پیش نہیں کیاجا سکا، سپریم کورٹ میں اپنا کیس پیش کرینگے‘ عمران خان

جس طرح ملائیشیاء ،دبئی میں پلاننگ کے تحت شہر بنے یہ اس طرز کا شہر بنے گا، 20ارب ڈالر کا منصوبہ ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاری آئیگی ڈیڑھ ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آ بھی چکی ہے، 30سے 40انڈسٹریز چلیں گی ،روزگار ملے گا،دریائے راوی کو بچایا جائے گا لاہور شہر کیلئے زیر زمین پانی کی سطح بھی بلند ہو گی، کراچی میں اسی طرز کے منصوبے میںسندھ حکومت نے رکاوٹیں ڈال دی ہیں‘ وزیر اعظم

جمعہ 28 جنوری 2022 22:08

راوی اربن منصوبے کو صحیح طریقے سے ہائیکورٹ میں پیش نہیں کیاجا سکا، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں عدالتوں کا بے حد احترام کرتا ہوں ، راوی اربن منصوبے کو صحیح طریقے سے لاہور ہائیکورٹ میں پیش نہیں کیاجا سکا، سپریم کورٹ میں صحیح معنوں میں اپنا کیس پیش کریں گے،جس طرح ملائیشیاء اور دبئی میں پلاننگ کے تحت شہر بنے ہیں یہ اس طرز کا شہر بنے گا، یہ 20ارب ڈالر کا منصوبہ ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی، ڈیڑھ ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آ بھی چکی ہے، 30سے 40انڈسٹریز چلیں گی جس سے وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع ملیں گے ، اس منصوبے کے ذریعے دریائے راوی کو بچایا جائے گا اور لاہور شہر کے لئے زیر زمین پانی کی سطح بھی بلند ہو گی،ہم کراچی میں بھی اسی طرز کا منصوبہ شروع کرنا چا رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے سندھ حکومت نے رکاوٹیں ڈال دی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام رکھ جھوک جنگل شیخوپورہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کو اتھارٹی کے ذمہ داران کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ راوی اربن اسلام آباد کے بعد پاکستان میں پلاننگ کے تحت دوسرا شہر بننے جارہا ہے ، یہ اس لئے نا گزیر ہے کہ اگر لاہور اسی طرح پھیلتا گیا تو لاہور کا سب سے بڑا مسئلہ پینے کے صاف پانی کا آئے گا ،جس جس طرح شہر پھیلتا جائے گا سیوریج اور ویسٹ ڈسپوزل کے مسائل سنگین ہوں گے جس کا ابھی بھی سامنا ہے ۔

راوی کا دریا سکڑتا جارہا ہے او رنالے کی شکل اختیار کر جائے گا۔ دریائے راوی میں بغیر ٹریٹمنٹ کے جو سیوریج جاتا ہے نیچے سندھ تک جاتا ہے جو ماحول کو آلودہ کر رہا ہے ۔ اگر یہ منصوبہ نہ بنا تو لاہور یہاں تک پہنچ جائے گا ، بغیر کسی پلاننگ کے ہائوسنگ سوسائٹیزبنتی جارہی ہیں، ان کے پاس سیوریج اور وٹتر ٹریٹمنٹ کا پلان نہیں ہے۔عمران خان نے کہا کہ میںعدالتوں کا بے حد حترام کرتا ہوں ،صحیح معنوں میں اپنا کیس لاہور ہائیکورٹ کے سامنے پیش نہیں کر سکے ،انشا اللہ سپریم کورٹ کے سامنے صحیح معنوںمیں کیس رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ غلط فہمی ہے کہ یہ کوئی ہائوسنگ سوسائٹی بن رہی ہے ،جدید شہر بن رہا ہے بالکل اسی طرح جس طرح ملائیشیاء اوردبئی میں جدید طرز کے شہر بنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سے پہلے کبھی کسی نے ماحولیات کی بات نہیں کی تھی، ہم نے خیبر پختوانخواہ میںایک ارب درخت اگائے اور اب پورے پاکستان میں10ارب درخت اگا رہے ہیں، اس منصوبے کے تحت بھی 2کروڑ درخت اگائیں گے جس سے یہاں جنگل بنے گا جو اس شہر کی آب و ہوا کو صاف رکھے گا ، اس کے ذریعے راوی کو بچایا جائے گا ، بیراجز بنیں گے جس سے پانی کو روکا جائے گا جس سے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہو گی ، ٹریٹمنٹ پلانٹس لگیں گے جس سے سیوریج کا پانی صاف پانی کو راوی میں جائے گا اور پھر نیچے تک سندھ تک صاف پانی جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ 20ارب ڈالر کا منصوبہ ہے ، پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی اتنا بڑا منصوبہ نہیں بنا ،اس سے نوکریاں ملیں گی ،غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی ،فارن ایکسچینج ملے گا،ڈیڑھ ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری توآ چکی ہے ، اس سے معیشت چلے گی ،30سے 40انڈسٹریز چلیں گے تو وسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس تیزی سے ہمار ے ملک کی آبادی بڑھ رہی ہے ہمیں جدید طرز کے نئے شہروں کو آباد کرنے کی ضرورت ہے ،اس سے کراچی اور لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں پر دبائو کم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں بھی اسی طرز کا منصوبہ شروع کرنا چا رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے سندھ حکومت نے رکاوٹیں ڈال دی ہیں۔اگر اسی طرح شہر پھیلتے گئے تو نہ ہم آلودگی کو کنٹرول کر سکتے ہیں نہ لوگوں کو گیس ،بجلی اورصاف پانی کی سہولتیں دے سکتے ہیں، کراچی کو بے پناہ پھیلنے کی وجہ سے انہی مشکلات کا سامنا ہے ،یہ مسائل اب سارے شہروں میں آنا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم میڈیاکو بھی اس کی تفصیلات دیں گے تاکہ عوام کو پتہ چلے کی پاکستان کی تاریخ میں کتنی دیر کے بعد اتنا بڑا منصوبہ بنا یاجارہا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات