اہل کراچی کی جدوجہد رنگ لے آئی ، سندھ حکومت کالا قانون واپس لینے پر تیار

تعلیم اور صحت کے تمام شعبے،اسپتال و ڈسپینسریاں اور اسکولز بلدیہ عظمی کراچی کے سپرد،واٹر بورڈ کا چیئرمین میئر ہوگا تحریری معاہدہ طلبہ یونین بحال کی جائیں گی کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی کا درجہ دلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے،وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ جماعت اسلامی کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان امید ہے کہ بلاول بھٹو، مراد علی شاہ اور ناصر حسین معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن

جمعہ 28 جنوری 2022 21:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) اہل کراچی کی جدوجہد اور قربانیاں رنگ لے آئیں، سندھ حکومت کالا بلدیاتی قانون واپس لینے پر تیار،جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان تحریری معاہدہ طے پاگیا۔وزیر بلدیاتی ناصر حسین شاہ نے میڈیا اور دھرنے کے شرکا کے سامنے تحریری معاہدہ پڑھ کر سنایا۔معاہدہ کے مطابق طے پایاکہ تعلیم اور صحت کے تمام شعبے،اسپتال و ڈسپینسریاں اور اسکولز بلدیہ عظمی کراچی کے سپرد،تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین بحال کی جائیں گی۔

کراچی کا مئیر واٹر بورڈ اورسیوریج بورڈکے چیئرمیں ہوں گے۔سندھ اسمبلی پر جماعت اسلامی کے دھرنے میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی سبربراہی میں سندھ حکومت کے وفد کی آمد،وفد میں ڈاکٹر عاصم حسین اور وقار مہدی،طارق حسن بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی کے حقوق اور سندھ کے عوام کے لیے ہمارا تحریری معاہدہ ہواہے اور ناصر حسین شاہ نے میڈیا کے سامنے پیش کیاہے،تحریری معاہدے کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری، مراد علی شاہ اور ناصر حسین سمیت دیگر ذمہ داران اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے،ہمارا دھرنا 29ویں دن میں داخل ہوگیا ہے،ہمار ی اور حکومتی ٹیم میں مذاکرات ہوئے اور ہمارا دھرنا اور جدوجہد بھی جاری رہی،کچھ تاخیر اور ٹال مٹول بھی ہوئی لیکن کراچی کی بہتری اور سندھ کے عوام کے لیے بہتر سے بہتر چیز پر اتفاق کرلیا جائے، آج ایک مسودہ بنا لیا گیا ہے ہم نے طے کیا تھا کہ جو کچھ بھی ہوگا عوام اور میڈیا کے سامنے ہوگا،آج ایک تحریری صورت میں دستخط بھی ہوں گے۔

ناصر حسین شاہ نے کہاکہ ہمارے درمیان کئی میٹنگز ہوئی ہیں،سندھ لوکل گورنمٹ ایکٹ 2021میں بہتری اور بلدیاتی اختیارات کی غرض سے جماعت اسلامی اور حکومت سندھ کی کمیٹی بنائی گئی جس میں بلدیاتی ایکٹ میں جو حقوق بلدیاتی ایکٹ میں غصب کیے گئے تھے وہ بلدیہ کو واپس کردیے جائیں گے،میئر کراچی واٹر وسیوریج بورڈ کے چیئرمین ہوں گے۔بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے 30دنوں کے اندر PFCکی تشکیل اور ایوارڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

PFCکے تحت اکٹرائے ٹیکس کا حصہ 1999کے قانون کے تحت کیا جائے گا،یوسیز کے تناسب سے فنڈز دیے جائیں گے،سندھ میں بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے بعد90دن میں انتخاب کا اعلان کردیاجائے گا،جماعت اسلامی کی طرف سے وزیر اعلی سندھ کو بھیجے جانے والی تجاویز جن پر اتفاق ہوا ہے اس پر اور جن پر اتفاق نہیں ہوا اس کے لیے مذاکراتی کمیٹی اپنا کام جاری رکھے گی،سندھ حکومت تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین کی بحالی میں اہم کردار اداکرے گی،کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی کا درجہ دلانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے،ناصر حسین شاہ نے کہاکہ جب تمام معاملات طے ہوگئے ہیں تو دھرنا بھی ختم ہوجاناچاہیئے اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ادارہ نورحق آئیں گے۔

ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ طویل صبر آزما جدوجہد ساتھیوں کی قربانیاں اور استقامت ایک خاص مرحلے اور منطقی نتیجے تک پہنچ چکی ہے،آج بڑی پیش رفت ہوئی ہے، یہ پیش رفت شہر کی سیاست میں ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگی۔