Live Updates

’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ حکومت کا تاریخ ساز اقدام ،مارچ تک پنجاب کا ہر خاندان مستفید ہوگا:عثمان بزدار

راولپنڈی،لاہور ،ساہیوال اورڈیرہ غازی ڈویژن میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کامیابی سے جاری ہے بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور سرگودھا ڈویژن میں 2 ماہ کے اندر ’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ کا اجراء مکمل ہو جائے گا

جمعہ 28 جنوری 2022 23:23

’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ حکومت کا تاریخ ساز اقدام ،مارچ تک پنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ تحریک انصاف کی حکومت کا فلاح عامہ کیلئے تاریخ ساز اقدام ہے اورپاکستان کی تاریخ میں ایسے بے مثال پروگرام کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ کے ذریعے پنجاب کے ہر خاندان کو مفت علاج معالجے کی معیاری سہولتیں میسر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی،لاہور ،ساہیوال اورڈیرہ غازی ڈویژن میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور اب تک یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے تحت 4ڈویژن کے 287منتخب شدہ ہسپتالوں سے ایک لاکھ سے زائد افراد مفت علاج کرا چکے ہیں۔ان شہریوں کے علاج معالجے پر تقریباً 2ارب 17کروڑ روپے حکومت نے ادا کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انشاء اللہ مارچ کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندان اس پروگرام کے تحت سالانہ10لاکھ روپے تک کے مفت علاج کے اہل ہونگے۔

بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور سرگودھا ڈویژن میں 2 ماہ کے اندر ’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ کا اجراء مکمل ہو جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘سماجی فلاح وبہبود اورعوام کی صحت کی بنیادی ضروریات کے حوالے سے ایک مثالی منصوبہ ہے ۔ ’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ عوام کا حق ہے جو تحریک انصاف کی حکومت انہیں واپس کر رہی ہے اور ہر شہری تک صحت کی سہولیات کی فراہمی کا وعدہ نبھا رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات