ہفتہ صفائی مہم میں تیسرے روز بھی ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکاروں کی فیلڈ میں سخت مانیٹرنگ جاری ہے‘ڈپٹی کمشنر لاہور

جمعہ 28 جنوری 2022 23:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ ہفتہ صفائی مہم میں تیسرے روز بھی ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکاروں کی فیلڈ میں سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اپنے اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی مہم کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ سب رجسٹرار علامہ اقبال زون مرتضیٰ ملک نے وفاقی کالونی روڈ لنک مین کنیال روڈ کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی مہم کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ سب رجسٹرار شالیمار منور حسین نے بھوگیوال روڈ یو سی 126 کا دورہ کیا اور سب رجسٹرار سمن آباد اشفاق خان نے مہر نذیر پارک یو سی 71، یو سی 76، یو سی 93، یو سی 92 اور مین کالونی یو سی 99 کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

سب رجسٹرار ڈی جی بی ٹی حافظ عمران نصیر نے لیک روڈ اور مال روڈ کا دورہ کیا اور سب رجسٹرار راوی زون شوکت سندھو نے دہلی گیٹ زون 5، لاری اڈہ زون 4 اور مقبرہ جہانگیر شاہدرہ ٹاؤن نے دورہ کیا۔

سب رجسٹرار واہگہ زون فرح دیبا نے مناواں پولیس ٹریننگ سنٹر، بی یو آر او فیکٹری، نعیم الیکٹرانکس مین جی ٹی روڈ، فارما پلس فارمیسی رام پورہ واہگہ زون، سبزی مارکیٹ مین جی ٹی روڈ اور فشریز کمپلیکس جی ٹی روڈ پر ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکاروں کو صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بروقت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ لاہور شہر کو گندگی سے پاک کرنے کا عزم ہے۔