پشاور، محکمہ ایکسائزکی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن تیزی سے جاری

خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خواتین کے زریعے ہیروئن سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی

جمعہ 28 جنوری 2022 23:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) سیکریٹری ایکسائز سید حیدر اقبال اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا ر محمود اسلم وزیرکی ہدایت پرجاری انسداد منشیات مہم میں قریب احمد سرکل آفیسر تھانہ ایکسائز ملاکنڈ ریجن کی زیر نگرانی ایکسائز انٹلیجنس بیورو سے ملنے والی خفیہ اطلاع پر کامیاب کاروائی کرتے ہوئے خواتین کے زریعے ہیروئن سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

شموزئی پل واقع ڈپو لنڈرکے قریب مسافر گاڑی کو روک کر تلاشی کے دوران 860 گرام ہیروئن برآمد کر کے دونوں لیڈی سمگلرز مسماہ عارفہ زوجہ عبداللہ اور مسماتہ ثناء زوجہ الطاف حسین مرحوم ساکنان ٹوکر ملتانی چونگی حاجوری چوک لاہور کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

اطلاع کے مطابق ہیروئن تعلیمی اداروں میں ترسیل کی جانی تھی۔ دوسری کاروائی سرکل آفیسر پشاور و مردان ریجن وحید خان کی زیر نگرانی SHO تھانہ ایکسائز مردان عاکف نواز نے بمعہ دیگر نفری خفیہ اطلاع پر رنگ روڈ بطرف طورونزد چلڈرن پارک مردان روڈ پر گاڑی نمبری LHP 8059 کو روک کر تلاشی کے دوران گاڑی کی پیٹرول ٹینکی سے 3600 گرام چرس برآمد کی ہے۔

دو ملزمان فضل امین ولد خیال زمین اور شاد خان ولد حیات خان ساکنان لنڈی کوتل کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں کاروائیوں میں مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے۔ اس حوالے سے سیکریٹری ایکسائز سید حیدر اقبال، ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائزمحمود اسلم وزیر اور صلاح الدین ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول نے متعلقہ عملے کی کاروائی کو سراہا اور شاباشی دی۔