صوبائی حکومت انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے پر عمل پیرا ہی:ریاض خان

پچھلے ادوار میں روایتی سیاستدانوں نے بونیر کے عوام کو صرف جھوٹے اعلانات اور وعدوں پر ٹرخاکر بنیادی ضروریات اور ترقی سے دور رکھا تھا: مشیر برائے مواصلات و تعمیرات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

جمعہ 28 جنوری 2022 23:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2022ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات وتعمیرات ریاض خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے پر عمل پیرا ہے اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں ضلع بونیر سمیت صوبے کے تمام اضلاع ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ پچھلے ادوار میں روایتی سیاستدانوں نے بونیر کے عوام کو صرف جھوٹے اعلانات اور وعدوں پر ٹرخاکر بنیادی ضروریات اور ترقی سے دور رکھا تھا۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے 200 ملین روپے کی لاگت سے ڈگر ٹو پیر بابا روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحصیل ناظم گدیزی سلارزیئشیر عالم خان، تحصیل ناظم ڈگر حاجی روزی خانن عمائدین علاقہ اور پارٹی ورکر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

محکمہ مواصلات وتعمیرات کے ایکسئین طاہر جمیل،ایس ڈی او محمد عارف و متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مشیر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع بونیر میں عوام کو گھر کی دہلیز پر تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بناکر دم لیں گے کیونکہ موجودہ حکومت صرف اعلانات پر نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔ اس موقع پر بونیر کے عوام نے بے لوث خدمت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاض خان کی قیادت میں ضلع بونیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور جتنے ترقیاتی کام انکے دور میں ہوئے ہیں اس سے پہلے بونیر کے عوام نے نہیں دیکھے۔

مشیر مواصلات وتعمیرات نے بونیر کے عوام کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں کو ترقیاتی اضلاع کے برابر لانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ بونیر سمیت دوسرے پسماندہ اضلاع میں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جسکے دورس نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بونیر میں بیوٹیفیکشن پراجیکٹ کے تحت کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے بونیر کی خوبصورتی میں مزید نکھار آجائیگا۔