الیکٹرانک ثبوتوںکے حصول پرمبنی جدید ترین پریکٹیکل گائیڈ کا اجرا

حکومت پاکستان سائبرسپیس کے غلط استعمال سے لاحق خطرات سے پوری طرح آگاہ ہے، سیکرٹری خارجہ

جمعہ 28 جنوری 2022 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے سرحد وں سے پار الیکٹرانک ثبوتوں کے حصول پر مبنی جدید ’پریکٹیکل گائیڈ‘ کے باضابطہ اجراء کی تقریب میں شرکت کی جس کا اہتمام وزارت امور خارجہ اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات وجرائم (یو این او ڈی سی) نے مشترکہ طورپر کیاتھا۔ یہ عملی راہنمائی (پریکٹیکل گائیڈ) پاکستان ایکشن ٹو کائونٹر ٹیررازم (پی اے سی ٹی) یعنی انسداد دہشت گردی کے پاکستان کے منصوبے کے تحت تیار کی گئی ہے جس کی تیاری میں یورپی یونین سمیت کلیدی شراکت داروں نے مدد فراہم کی۔

پاکستان ایشیاء میں وہ پہلا ملک ہے جس نے یو این او ڈی سی کی شراکت داری سے عالمی پریکٹیکل گائیڈ کے تقاضوں کو مقامی قانونی ضابطوں اور طریقہ ہائے کار سے ہم آہنگ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

اس گائیڈ سے پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بیرون ممالک میں کلیدی الیکڑانک ثبوتوں تک رسائی میسر آئیگی جبکہ تحقیقات اور دہشت گردی سے متعلق جرائم پر کارروائی میں مدد ملے گی،یہ عملی گائیڈ وفاقی اور صوبائی سطحوں پر متعلقہ فریقین سے لگاتار مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔

پریکٹیکل گائیڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ حکومت پاکستان سائبرسپیس کے غلط استعمال سے لاحق خطرات سے پوری طرح آگاہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سائیبرسکیورٹی پالیسی کی روشنی میں حکومت اپنے نظام کو جدید بنانے، استعداد کاربڑھانے اور اسے مستعد بنانے کے علاوہ ڈیجیٹل رابطے میں بہتری لانے کے لئے پرعزم ہے۔ سیکریٹری خارجہ نے ان اقدامات کو بھی اجاگر کیا جو وزارت خارجہ نے اپنے امور کار کو ڈیجیٹل بنانے کے لئے اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قیادت کی بصیرت کی روشنی میں دفتر خارجہ نے وزارت کے روزمرہ امورکی خوش اسلوبی سے انجام دہی کے لئے نہ صرف نئے آن لائن پلیٹ فارمز، پورٹلز، موبائل ایپلیکیشنز اور رابطوں کے پروٹوکولز متعارف کرائے ہیں بلکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی کو بھی بہتر بنایا ہے۔ تقریب سے یو این او ڈی سی کے کنٹری نمائندے جیریمی میلسن، یورپی یونین کے سفیر عزت مآب اندرولا کمینارا کے علاوہ وزارت داخلہ اور انسداد دہشت گردی کی قومی اتھارٹی (این اے سی ٹی ای) کے اعلی حکام نے بھی خطاب کیا جبکہ سفارتکاروں اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔