Live Updates

پاک چین شراکت داری باہمی دوستی کا بے مثال سفر ہے ،کھیلیں یکجہتی کا عنصر ہوتی ہیں،وزیراعظم عمران خان

ہفتہ 29 جنوری 2022 19:09

پاک چین شراکت داری باہمی دوستی کا بے مثال سفر ہے ،کھیلیں یکجہتی کا عنصر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2022ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین شراکت داری بین الریاستی تعلقات میں بے مثال ہے،غیرمتزلزل باہمی حمایت، ایک دوسرے پر اعتماد اور باہمی احترام کی بناء پر ہماری دوستی کی تاریخ منفرد حیثیت رکھتی ہے جسے گزشتہ سات دہائیوں سے نسل در نسل ہماری قیادت اور عوام نے مسلسل پروان چڑھایا ہے،یہ آہنی بھائی چارہ ایک مضبوط اور فعال سدا بہار تزویراتی معاون شراکت داری میں ڈھل چکا ہے۔

چینی اخبار گلوبل ٹائمز میں ہفتہ کو شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے روابط عالمی و علاقائی پیش ہائے رفت کے اتار و چڑھائو سے قطع نظرآزمودہ اور ہمہ وقت ہیں۔گزشتہ برس ہمارے سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منانے کے لئے عظیم الشان تقریبات نے ہماری دوستی کو نئی قوت اور ولولہ بخشا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے لئے چین کے ساتھ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں جسے ہمہ جہت سیاسی حمایت حاصل ہے اور میں یہ بات پورے اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ ہمارے عوام اس دوستی کی حقیقی قدر کا بھرپور ادراک رکھتے ہیں اور اس کے مزید فروغ کے لئے جذبے سے اپنا کردار ادا کرتے ہیں ، اس دوستی کی گہرائی اور استحکام کے اظہار کے حوالے سے کئء خصوصی ضرب المثل وضع کیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ آئندہ چند دنوں میں سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے بیجنگ کا دورہ کریں گے۔خود ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے وہ اس جذبے کو سمجھ سکتے ہیں جو ایک قوم میں اولمپکس کی طرح کے کھیلوں کے مقابلے سے پیدا ہوتاہے ،میں سمجھتا ہوں کہ کھیلیں یکجہتی کا عنصر ہوتی ہیں اور یہ سیاست سے بالا تر ہونا چاہئیں۔وزیراعظم نے اس بڑے ایونٹ کی میزبانی پر چین کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی اور تمام شرکاء کی صحت و تحفظ اور کامیاب کھیلوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات