الخدمت کراچی کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت’’ یوم یکجہتی کشمیر‘‘پر باہمت یتیم بچوں نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی

ہفتہ 5 فروری 2022 23:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2022ء) الخدمت کراچی کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت’’ یوم یکجہتی کشمیر‘‘پر باہمت یتیم بچوں نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور انہیں آزادی کی بے مثال جدوجہد پر زبردست خراج تحسین پیش کیا، خصوصی تقریب کے ساتھ واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں بچوں ،ان کی ماؤں اور الخدمت کے ذمہ داران نے شرکت کی ۔

ہفتے کو الخدمت ہیڈ آفس میں ’’یکجہتی کشمیر ‘‘کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں تقریری اور ملی نغموں کا مقابلہ منعقد کیا گیا ۔تقریب کی صدارت ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کی ،تقریب سے سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی عمر احمد خان اور ہارون راجپوت نے بھی اظہار خیا ل کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راشد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔

پاکستان اس کے بغیر نا مکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 1989کو 5فروری پہلی بار’’یوم یکجہتی کشمیر ‘‘کے طور پر منایا گیا۔سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی عظیم جدوجہد تھی کہ ان کی کوششوں سے یہ دن سرکاری طورپر منایا جانے لگا ۔آج یہ دن دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت طے ہوا تھا کہ مسلم اکثریت والے علاقے پاکستان میں شامل ہوں گے۔

کشمیر کا مسئلہ تقسیم ہند کے بعدریفنڈم کے ذریعے حل کر لیا جائے گا اور وہاں کے لوگوں کی رائے اور مرضی کے مطابق اگر وہ پاکستان کے ساتھ جانا چاہیں گے یا علیحد ہ رہنا چاہیں گے تو انہیں ان کی مرضی کے مطابق آزاد رہنے کا حق دیا جائے گا،مگر انگریز اور ہندوسامراج کی ساز باز نے اس مسئلہ کو حل نہیں ہونے دیا ،بلکہ مقبوضہ وادی میں آٹھ لاکھ بھارتی افواج اتاردی گئیں جو مقبوضہ وادی میںآج تک ظلم وستم کا بازار گرم رکھے ہوئے ہے ۔

راشد قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرادردایں موجود ہیں ،کشمیری اپنا حق مانگ رہے ہیں ،مگر دنیا آج بھی تماشا دیکھ رہی ہے ۔بھارت کی جانب جھکاؤ کی وجہ سے امریکا و دوسری طاقتیں مسئلہ حل نہیں کررہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکا مسئلہ بذور قوت حل ہوسکتا ہے۔ بھارتی فوج ہمارے جذبہ ایمانی کے سامنے نہیں ٹھہر سکتی ۔ریاست اور پاک فوج کردار ادا کریں تو پوری قوم ان کے ساتھ ہے ۔

عمر احمد خان نے کہا کہ یتیم بچے ہمارے لیے ہیرے اور نگینے ہیں ۔یہ قوم کا بہترین مستقبل ثابت ہوں گے ،مگر ان کی اچھی تعلیم وتربیت نہایت ضروری ہے اور یہ کام الخدمت کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ،مگر بھارت 75برس سے اس پر قابض ہے ۔کشمیر ی اپنا حق چاہتے ہیں۔وہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ۔کشمیر ہمار ا ہے اور ہمیں اس کی سفارتی ،نظریانی اور جغرافیائی مدد جاری رکھنی ہوگی ۔ تقریب کے اختتام پر مقابلہ تقریر اور ملی نغمے میں شریک پوزیشن ہولڈر بچوں میں شیلڈز اوردیگر تمام شرکا کو اسناد پیش کی گئیں ۔#