سندھ ہائی کورٹ ، اسحاق ڈارپر پابندی سے متعلق درخواست پروزارت اطلاعات، پیمرا اور اٹارنی جنرل آفس کو نوٹس جاری، 28فروری تک جواب طلب

پیر 7 فروری 2022 16:26

سندھ ہائی کورٹ ، اسحاق ڈارپر پابندی سے متعلق درخواست پروزارت اطلاعات، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2022ء) سندھ ہائی کورٹ نے مسلم لیگ(ن) کے رہنمااور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارپر پابندی سے متعلق درخواست پروزارت اطلاعات، پیمرا اور اٹارنی جنرل آفس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28فروری تک جواب طلب کرلیا۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں مسلم لیگ(ن)کے رہنما اسحاق ڈار پر پابندی ہٹانے کے لیے درخواست پرسماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار اسد عثمانی کی جانب سے نہال ہاشمی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ اسحاق ڈار سابق وزیر خزانہ اور پارلیمنٹ کے معزز رکن ہیں۔ کسی رکن پارلیمنٹ کی گفتگو اور انٹرویو پر پابندی عائد نہیں کی جاسکتی۔اسحاق ڈار کے بیانات پر پابندی آئین کے آرٹیکل 25 اور 19 اے کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے وزارت اطلاعات، پیمرا اور اٹارنی جنرل آفس کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے فریقین سے 28 فروری تک جواب طلب کرلیا۔