آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے فنکار سکندر اقبال اور یامین میواتی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

جمعرات 10 فروری 2022 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2022ء) صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کہا کہ آج انسانیت کو افسوس کن صورت حال کا سامنا ہے۔ ہمارے ممبران موسم خزاں کے پتوں کی طرح جا رہے ہیں لیکن اس میں ہم بے بس ہیں۔ ہم افسوس کے بجائے کچھ نہیں کر سکتے۔ دکھ ہوتا ہے۔ ہم نے اس وباء سے ممبران اور ان کے خاندان کو بچانے کے لیے ہر اقدام کیا، لیکن اس کے باوجود 400 سے زائد ممبران کرونا سے ہلاک ہو گئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل میں آرٹسٹ سکندر اقبال اور یامین میواتی کے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کوشش کی کہ اس ادارے کو فیملی کے طرح جوڑ کر رکھوں۔

کسی ایک ممبر کو تکلیف ہو تو دوسرے محسوس کریں۔

(جاری ہے)

اب ہمارے محلے کا تصور بھی ختم ہو رہا جب ایک دوسرے کے غم و دکھ میں لوگ شامل ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے معاشرے کو نہیں سدھار سکتے لیکن اس ادارے کو یہ شکل دے دی ہے کہ ہم اب ایک دوسرے کی خبر رکھتے ہیں، خیال رکھتے ہیں۔ ہمارے ممبران مجھ پر اعتماد کرتے ہیں اس لیے یہ ان کا حق ہے کہ میرے ساتھ اپنے دکھ درد شئیر کریں اور میں ان کی دیکھ بھال بھی کروں۔

انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں اس لیے نہیں گیا کہ یہاں آپ لوگوں کی خدمت کرکے مجھے سکون ملتا ہے۔ مجھے بڑے بڑے عہدوں کی ضرورت نہیں ہے نہ وزیر بننے کا شوق ہے حالاں کہ ہر سیاسی پارٹی نے دعوت دی مگر میں نے فیصلہ کیا کہ میرا جینا مرنا آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل صاف ستھرا ادارہ ہے جہاں تمام ممبران خاندان کی طرح رہتے ہیں میری بیگم اور بیٹی بھی اس ادارے میں آتی ہے۔

تعزیتی اجلاس سے ممبر گورننگ باڈی اقبال لطیف یونس میمن،خادم حسین اٴْچوی ، جمیل راہی ، نذر حسین ،پرویز صدیقی ،شکیل شاہ ،ذاکر مستانہ ،ناصرہ نور ، علی حسن ، ایم شریف ،آدم راٹھور ، ضامن میواتی ، یاسر میواتی ، صدیق راجہ ، زاہد شاہ ،شہنی عظیم ،محمد علی نقوی ،شکیل صدیقی ،شبیر بھٹی نے بھی خطاب کیا اور مرحوم فن کاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جب کہ نظامت کے فرائض نعمان خان انجام دے۔