حکومتی میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی صحت سے متعلق رپورٹ مسترد کردی

ڈاکٹر شاول نے صرف نواز شریف کی صحت پر تحریر بھیجی،کسی میڈیکل ادارے یا لیبارٹری کی میڈیکل رپورٹس ساتھ موجود نہیں، حکومتی میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو نامکمل قرار دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 12 فروری 2022 10:57

حکومتی میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی صحت سے متعلق رپورٹ مسترد کردی
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 فروری 2022ء) :حکومتی میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نامکمل قرار دے کر مسترد کردیا۔موقف اپنایا ہے کہ ڈاکٹر شاول نے صرف نواز شریف کی صحت پر تحریر بھیجی،کسی میڈیکل ادارے یا لیبارٹری کی میڈیکل رپورٹس ساتھ موجود نہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق لندن میں مقیم مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ڈاکٹر کی رپورٹ ایک بار پھر مسترد کردی گئی، اور حکومتی میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو نامکمل قرار دے دیا۔

میڈیکل بورڈ کا مؤقف ہے کہ امریکی نژاد ڈاکٹر فیاض شاول کی رپورٹس مکمل نہیں ہیں، ڈاکٹرفیاض شاول نے صرف نواز شریف کی صحت پر تحریر بھیجی ہے، کسی میڈیکل ادارے یا لیبارٹری کی میڈیکل رپورٹس ساتھ موجود نہیں۔

(جاری ہے)

میڈیکل بورڈ نے محکمہ صحت پنجاب کو نواز شریف کی رپورٹس پر تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔ 9 رکنی میڈیکل بورڈ نے پہلے بھی نواز شریف کی رپورٹس نامکمل قرار دی تھیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی 3 صفحات پر مشتمل طبی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی تھی ، جس کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا ہے، اور بتایا گیا ہے کہ کلثوم نواز کی وفات کے بعد سابق وزیراعظم زیادہ دباؤ میں ہیں، اور اگر وہ علاج کے بغیر پاکستان گئے تو ان کی حالت بگڑ سکتی ہے، ذہنی دباؤ کے ماحول میں ان کی بیماری مزید بگڑ سکتی ہے۔ دوسری جانب اٹارنی جنرل پاکستان نے سابق وزیراعظم کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب حکومت کو خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ پنجاب حکومت کا قائم کردہ میڈیکل بورڈ رپورٹ کا جائزہ لے، پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ کی رائے آنے کے بعد ہی مزید پیش رفت کی جائے گی۔