خیبرپختونخوا حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ انتہائی خوش اسلوبی اور پروفیشنل انداز سے سر کرلیا ہے،بیرسٹر محمد علی سیف

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد تحریک انصاف کا ووٹ بینک مزید بڑھا ہے،معاون خصوصی برائے اطلاعات

پیر 14 فروری 2022 23:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2022ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے ری پولنگ نتائج میں پاکستان تحریک انصاف کی بہترین کامیابی و کارکردگی پر کارکنان کو مبارکباد دی ہے پیر کے روز اطلاع سیل محکمہ اطلاعات میں خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعلی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ انتہائی خوش اسلوبی اور پروفیشنل انداز سے سر کرلیا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا ووٹ بینک مزید بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل کے ری پولنگ سے پاکستان تحریک انصاف پھر وننگ پوزیشن پر آگئی ہے کیونکہ ری پولنگ میں کامیابی کارکنان کے اتفاق کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں پارٹی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ مخلص کارکنان نے عوامی طاقت سے ڈیرہ اسماعیل خان میں بڑے برج گرا دئیے ہیں. جمیعت علماء اسلام ف اور پاکستان پیپلز پارٹی نے پہلے سے بہت بڑے دعوے کئے تھے لیکن عوامی طاقت نے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیاجبکہ کرک، بنوں اور باجوڑ میں بھی پی ٹی آئی نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دسمبر 19 کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے دوبارہ کم بیک کیا ہے کیونکہ ری پولنگ میں پی ٹی آئی کارکنان نے متحد ہوکر مقابلہ کیا۔ صوبے میں اب بھی پاکستان تحریک انصاف کا ووٹ بینک سب سے زیادہ ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے امیدواروں کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ تحصیل مئیرز پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ رابطے میں ہیں امید ہے کہ آزاد حیثیت میں جیتنے والے امیدواران کی بڑی تعداد پی ٹی آئی میں شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ووٹر متحد ہے، دوسرا مرحلہ بھی جیتیں گے کیونکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت پر عوامی اعتماد بحال ہے۔ آج ری پولنگ میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر کارکنان خوشیاں منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے حتمی نتائج آنے پر پاکستان تحریک انصاف سب سے آگے ہوگی اس سلسلے میں تمام کارکنان خصوصی داد کے مستحق ہیں۔