فیصل آباد، بھٹہ مالکان بھٹہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں12روپے،ڈیزل9.30روپے کے اضافے کی شدید مذمت

بدھ 16 فروری 2022 20:12

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2022ء) بھٹہ مالکان بھٹہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں12روپے،ڈیزل9.30روپے کے اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کا ایک اور عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت نے نہ صرف بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیںدیا بلکہ بجٹ کے بعد دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال دیا ہے،مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،حکومت کا یہ فیصلہ مہنگائی میں اضافے کا سبب بنے گا۔

وزیر اعظم اس بار عوام گھبرا گئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن ستیانہ روڈ سیکٹر کے صدر چوہدری اسلم چدھڑ،سینئر نائب صدر چوہدری افضال، چوہدری امین باجوہ،چوہدری رشید گجرنے ستیانہ روڈ کے بھٹہ مالکان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ڈویژنل صدر حاجی اسلام، ضلعی صدر چوہدری عبدالرزاق باجوہ، جمیل گجر،نور اللہ خان، میاں زین العابدین، چوہدری طارق، عطا للہ، سرفراز لونا، ریاض چدھڑ،چوہدری سجاد اور دیگربھی اس موقع پر موجود تھے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لیا جائے، قیمتوں میں کمی کی جائے اور ان پر عائد ٹیکس کم کیے جائیں اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ موجودہ حکومت عوام کی مشکلات و مسائل حل کرنے کی بجائے مسلسل اضافہ کررہی ہے، عوام پہلے ہی آٹا، چینی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سے پریشان ہیں۔