مذبح خانوں کا انتظام بہتر کیا جائے گا،ڈائریکٹر ویٹرینری سروسز

جمعرات 17 فروری 2022 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2022ء) کراچی میڑوپولیٹن کارپوریشن کے ڈائریکٹر ویٹرینری سروسز نے میٹ مر چنٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مذبح خانوں کا انتظام بہتر کیا جائے گا اور گوشت کی دکانوں کی لائسنس فیس کا بھی ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔ یہ یقین دہانی انہوں نے گذشتہ روز میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے وفد میں جنرل سیکریٹری سکندر اقبال، ناصر قریشی ، حاجی عبداللہ، ہارون قریشی، حاجی عبدالمجید ، طاہر پرویز ایڈوکیٹ ودیگر شامل تھے۔

میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈائریکٹر ویٹرینری سروسز سے کے ایم سی ہیڈ آفس میں ملاقات میں گوشت فروشوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ناصر قریشی اور جنرل سیکریٹری سکندر اقبال نے کراچی میں بھینس کالونی میں قائم سلاٹر ہاس کی زبوں حالی اور ناقص انتظامات سے ڈائریکٹر ویٹرینری سروسز ڈاکٹر انعام احمد کو آگاہ کیا اور تجویز دی کہ کراچی کی آبادی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہر ڈسٹرکٹ میں سلاٹر ہاس قائم کئے جائیں مزید یہ کہ کراچی میں محبوب انٹرپرائزز نامی ایک کمپنی اپنے آپ کو کے ایم سی کا ٹھیکیدار ظاہر کر کے پورے کراچی میں قائم گوشت کی دکانوں پر گوشت کے پتھاروں اور دکانداروں کو بلیک میل کر کے مجبور کر رہے ہیں کہ وہ مبلغ 6000 روپے دکان کے لائسنس کی فیس ادا کریں جبکہ انکے پاس نہ تو اجازت نامہ ہوتا ہے اور نہ ہی یہ پتہ ہے کہ اس کمپنی کو گوشت کی دکانوں کا لائسنس بنانے کا اختیار کس نے دیا مزید برآں وفد نے ڈائریکٹر ویٹر ینری سروسز کو آگاہ کیا مذکورہ کمپنی اپنی رسید جو کہ کار پارکنگ کی رسید کی طرح سیہے، گوشت فروشوں کو ڈرا دھمکا کر پورے کراچی سے رقوم وصول کر رہی ہے اس سے گوشت فروش دکانداروں میں شدید غم و غصہ پایا جاتاہے لہذا ایسوسی ایشن کو آگاہ کیا جائے کہ اس کمپنی کو جو لائسنس بنانے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے کیا وہ قانون کے مطابق سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں درج قواعدو ضوابط کے مطابق دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ویٹرینری سروسز ڈاکٹر انعام احمد نے میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں پر مشتمل وفد کی معروضات کو غور سے سنا اور انہیں قواعد کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔