Live Updates

لندن ہسپتال میں والدہ کی عیادت کیلئے جاتی تو پی ٹی آئی ورکرز گالیاں دیتے، مریم نواز

ہمارے گھر،بچوں اور بھتیجے پر حملہ کیا گیا،مجھے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا،انتخابی مہم میں میری کردار کشی پرعمران خان وزراء اور کارکنوں کوشاباشی دیتے،مہربانی ہوگی اپنی اہلیہ اور خواتین والا معیار دوسروں کیلئے بھی اپنائیں۔ مرکزی نائب صدر کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 17 فروری 2022 18:33

لندن ہسپتال میں والدہ کی عیادت کیلئے جاتی تو پی ٹی آئی ورکرز گالیاں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 فروری 2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ لندن میں جب والدہ کی عیادت کیلئے جاتی تو پی ٹی آئی ورکرز گالیاں دیتے تھے،ہمارے گھر،بچوں اور بھتیجے پر حملہ کیا گیا،مجھے ڈیتھ سیل میں ڈالا گیا،میری کردار کشی پرعمران خان وزراء اور کارکنوں کوشاباشی دیتے،اپنی خواتین والا معیار دوسروں کیلئے بھی اپنائیں۔

انہوں نے اسلام ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر نیب کے پاس کوئی ثبوت ہوتا ججز نے باربار ثبوت مانگے، پہلے نیب کو دو مہینے سے زیادہ کیلئے کورونا ہوگیا اب پراسیکیوٹر کیلئے دو ہفتے مانگ لیے ہیں،قوم کے سامنے رکھتی ہوں کہ اگر میرے خلاف کوئی ثبوت ہوتا اور مقدمہ انتقام بدنیتی پر مبنی نہ ہوتا تو آپ ثبوت کاغذ کا ٹکرا اٹھا کر عدالت کے سامنے رکھ دیتے۔

(جاری ہے)

ججز سے گزارش کرنا چاہتی ہوں کہ میں ہر پیشی پر کورٹ میں آتی ہوں، نیب کو اتنی ڈھیل نہیں دینی چاہیے نیب کو چاہیے اگر ثبوت ہیں تو پیش کرے، اگر ثبوت نہیں ہیں تو کیس کو مزید نہیں چلنا چاہیے قوم کو پتا چلنا چاہیے کہ عمران خان اور نیب نے کتنا بوگس مقدمہ بنایا تھا۔انہوں نے کہاکہ آپ کوئی آسمان سے اتری ہوئی کوئی مخلوق ہیں کہ آپ پر تنقید نہیں ہوسکتی، آپ کی اہلیہ ہمارے قابل احترام ہیں، جو معیار آپ اپنی اہلیہ کے چاہتے ہیں وہی معیار مرحومہ کلثوم نواز کیلئے بھی ہونا چاہیے جب وہ لندن آئی سی یو میں زندگی موت کی جنگ لڑ رہی تھیں، اس پر پی ٹی آئی کے لوگوں نے ڈاکٹرز کا بھیس بدل کر آئی سی یو پر دھاوا بولا، صرف ان کی تصاویر لینے کیلئے دھاوا بولا گیا، پی ٹی آئی کے لوگ اور صحافیوں سے کہلوایا جاتا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کو کچھ بھی نہیں ہے، وہ روز وہاں اکٹھے بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں، میں اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ذکر نہیں کرنا چاہتی کہ وہ میں قوم ، پاکستان اور آئین کی سربلندی کیلئے وہ چیز برداشت کی۔

اس لیے مجھے اس کا افسو س نہیں ہے۔ہم جب لندن میں عیادت کیلئے موجود تھے تو میں پہلی بار قوم کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں والدہ کی عیادت کیلئے لندن اپارٹمنٹس سے نکل کر ہسپتال جارہی ہوتی تھی یا پھر ہسپتال سے واپس آرہی ہوتی تھی تو پی ٹی آئی کے تین چار ورکرز مجھے گالی دے کر بلاتے تھے، جنید باہر جاتا تو اس کے سامنے مجھے گالیاں دیتے تھے، میڈیا سے درخواست ہے کہ میری بات جب چلائیں تو وہ فوٹیج مناظربھی دکھائیں جب میری ماں بستر مرگ پر تھی تو پی ٹی آئی کے لوگوں نے میرے گھر پر حملہ کیا، میرے بچوں اور بھتیجے پر حملہ کیا، اس کے بعد بتائیں کون سی بہو بیٹی اور ماں آپ کے انتقام سے بچی، مجھے بے گناہ ہوتے ہوئے آپ نے ڈیتھ سیل میں ڈالا، کسی کی بیٹی کی کردار کشی کی، والد کے سامنے گرفتار کیا، یہ بھی مناظر چلائیں کہ جب میں گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلا رہی تھی تو آپ کے جواب نہیں تھا لیکن آپ کے وزراء نے کیمرہ پرمیرے خلاف اخلاق سے گری تقاریر کیں، جب بھی وہ دنیا میں سنی جائیں ہر عزت دار کا سر شرم سے جھک جائے گا،اس وقت عمران خان ان کو شاباش دیتے تھے۔

نیوز ایجنسی کے مطابق ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ روز جو ہوا اور جو کچھ پچھلے کچھ دنوں سے نظر آرہا ہے اس سے مشرف کے دور کے آخری ایام یاد آتے ہیں، جب مشرف کو احساس ہوا کہ ان کی حکومت ختم ہونے والی ہے تو عدلیہ کے ساتھ کیا گیا تھا۔لیگی رہنما نے کہا کہ انہوں نے اس وقت کے چیف جسٹس کو شاہراہ دستور پر بالوں سے گھیسٹا تھا، 60 ججوں کو گھر بھیج دیا تھا، ان کے بچوں سمیت ان کے گھروں میں قید کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب میں عمران خان کی حالت دیکھتی ہوں تو مجھے مشرف کا وہ ہی دور یاد آتا ہے، جب محسن بیگ انکے ساتھ تھے بقول ان کے جب انہوں نے ایک ارب روپے کا فنڈ اکھٹا کر کے انہیں دیا تھا تب تو وہ اچھے تھے۔ مریم نواز نے کہا کہ جب محسن بیگ نے عمران خان کے خلاف تنقید کی تو انہوں نے زرا بھی اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ نہیں کیا اور اور ریاستی ادارے ایف آئی اے کو استعمال کیا۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کی ذہنی حالت پرترس آتا ہے، مجھے لگتا ہے کہ آپ ذہنی طور پر مفلوج ہوچکے ہیں جب محسن بیگ ہم پر تنقید کیا کرتے تھے ہم نے تو کسی کو ایف آئی اے کے ذریعے گرفتار کروا کر مار نہیں پڑوائی۔ مریم نواز نے کہا کہ جس پیٹرول کی قیمت میں اکھٹے 12 روپے اضافے کے بعد چینی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے، جب عوام اشیا ضرورت کی خریداری کے لیے جاتے ہیں تو وہ جن القابات سے آپ کو نوازتے ہیں میں ادا نہیں کرنا چاہتی۔

انہوں نے کہا کہ کیا آپ تنقید پر عوام پر بھی ایف آئی اے کے حملے کروائیں گے، جب آپ نے غلطیاں کی ہیں تو تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ بھی رکھیں، آپ کے مخالفین نے آپ کے جھوٹے الزامات پر تنقید و ظلم برداشت کیا ،تو حوصلہ آپ بھی حوصلہ رکھیں۔مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ عمران خان دنیا کے پہلے وزیر اعظم ہیں جو بنی گالہ سے وزیر اعظم ہاؤس تک کا سفر عوام کے خرچے پر طے کرتے ہیں، آپ کو کیا معلوم ہے جب ایک موٹر سائیکل والا پیٹرول بھروانے جاتا ہے تواس پر کیا گزرتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان صاحب کی جرائم کی فہرست بہت طویل ہے، اس ہی وجہ سے دہشت گردی بڑھ رہی ہے، آپ 4 سال میں سرکاری خرچ پر سوائے انتقام لینے کے سوا کچھ نہیں کیا، آپ نے ذاتی سکون کے لیے نیب اور ایف آئی اے کو استعمال کیا۔عمران خان کے دورہ روس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو وزیر اعظم ہاؤس کے ایک کمرے میں بند کردینا چاہیے، وہ جہاں جاتے ہیں پاکستان کا تصور خراب کر کے آتے ہیں۔

دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین میں بھی وہ صرف پیسے مانگنے گئے تھے اور پیسا بھی نہیں ملا، جب بلوچستان میں پاکستان کے فوجی شہید ہورہے تھے، آپ چین میں اولمپکس دیکھ رہے تھے اور اس کی تصاویر بھی شیئر کررہے تھے۔ انہوں نے پاکستان کے دوست ممالک سے بھی تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں تمام لیڈران کو کہنا چاہتی ہوں کہ یہ عوام اور حکومت کی جنگ ہے، اور عوام کی آواز پر لبیک کہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات